ایران پر کہاں حملہ ہوگا؟ اسرائیلی وزیراعظم نے اہداف کی منظوری دیدی

سچ ٹی وی  |  Oct 17, 2024

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے ایران پر حملے کے اہداف کی منظوری دیدی گئی ہے۔

امریکی خبر رساں اداروں کا اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی کارروائی کیلئے ایرانی مخصوص اہداف کی منظوری دیدی ہے۔

مخصوص اہداف کی تفصیلات کو ظاہر نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بات واضح کی گئی ہے کہ اسرائیل فوجی اہداف کو نشانہ بنائے گا یا نہیں، متوقع اسرائیلی کارروائی کے آغاز کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب ایران کی ایٹمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا امکان نہیں ہے۔

ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال وندی نے نور نیوز ایجنسی کے ساتھ ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا امکان بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی اہم سائٹ پر حملے کی صورت میں اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ کامیاب نہیں ہوگا اور ملک کسی بھی ممکنہ نقصان کی فوری تلافی کر سکتا ہے۔

کمال وندی کے تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اکتوبر کے شروع میں تہران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف بیلسٹک میزائلوں کے حملے کے بعد اسرائیلی حکام نے ایران پر حملہ کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

ایران کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ سمیت ایران سے قریبی اہم شخصیات کے قتل کا بدلہ ہے۔

چونکہ اسرائیل اس بات پر غور کر رہا ہے کہ کس چیز کو نشانہ بنانا ہے اسرائیلی حکام نے مبینہ طور پر امریکہ کو یقین دلایا کہ حملہ ایرانی تیل یا جوہری تنصیبات کے بجائے فوجی انفراسٹرکچر تک محدود ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More