توشہ خانہ کیس ٹُو، بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

اردو نیوز  |  Nov 02, 2024

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بعد از گرفتاری ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ضمانت کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’ضمانت کی منظوری کا فیصلہ غیرقانونی اور ریکارڈ کے برخلاف ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کے کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا اور مقدمے کو صحیح طریقے سے نہیں سمجھا۔‘

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے اپنے خاوند کے ساتھ مل کر ریاستی تحفے بلغاری جیولری سیٹ کا غلط استعمال کیا اور خاوند کے اختیارات کے غلط استعمال کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ۔

مزید کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے استغاثہ کے شواہد کو نظرانداز کرتے ہوئے ضمانت فراہم کی۔

سنیچر کو دائر کی گئی درخواست میں ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 23 اکتوبر کے ضمانت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے اور بشریٰ بی بی کی بعد از گرفتاری ضمانت کو منسوخ کر کے ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بریت کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف اس کیس کی سماعت کی، جہاں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ ان کے وکلاء جن میں سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور عثمان گل سمیت چار وکلا شامل ہیں، انہوں نے بریت کی درخواستیں دائر کیں۔

ایف آئی اے کی پراسیکیوشن ٹیم نے ان درخواستوں کی مخالفت کی۔

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ ملزمان کی جانب سے فرد جرم عائد ہونے میں تاخیر کی جا رہی ہے اور بریت کی درخواست کا مطلب یہ نہیں کہ کیس کی سماعت نہ ہو۔

عدالت نے بریت کی درخواستوں پر ایف آئی اے سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست ضمانت کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست کے وکالت نامے پر پرانے ہونے کا اعتراض اٹھایا ہے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کے آرڈر کی تصدیق شدہ کاپی پیش کر دی ہے، جسے متعلقہ آفس میں جمع کرایا جائے اور درخواست کو پیر کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More