کراچی: الیکشن کمیشن نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کو الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے امیر جماعت اسلامی پاکستان اور یونین کمیٹی 8 کے چیئرمین حافظ نعیم الرحمان کو الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔ اظہار وجوہ کا نوٹس چیئرمین ٹاون میونسپل کارپوریشن اور گلبرگ ٹاون کے یوسی چیئرمین کو بھی دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور ایڈیشنل کمشنر ضلع وسطی ون محمد عاصم عباسی کے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا کہ یو سی 8 الفلاح نارتھ ناظم آباد ضلع وسطی کے چیئرمین حافظ نعیم الرحمان نے 3 نومبر کو یو سی 5 کے سنگھم گراونڈ بلاک 9 فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی سے منسلک این جی او الخدمت کے آئی ٹی سے متعلق پروگرام بنو قابل میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی حالانکہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران بڑے جلسے اور تقریبات پر پابندی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ حافظ نعیم الرحمان ضابطہ اخلاق سے متعلق پیرا 16 بی، 27، 29،30 اور پیرا 32 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ لہٰذا حافظ نعیم الرحمان 6 نومبر کو دوپہر 3 بجے ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہو کر وضاحت پیش کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سروسز چیف کی مدت ملازمت کو عدالتوں میں چیلنج کریں گے، لطیف کھوسہ
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے آئی ٹی سے متعلق جماعت اسلامی کے اسی پروگرام بنوقابل میں شرکت اور خطاب کرنے پر چیئرمین ٹاون میونسپل کارپوریشن گلبرگ نصرت اللہ اور اسی ٹاون کے یو سی چیئرمین فاروق نعمت اللہ کو بھی بنو قابل پروگرام میں شرکت کرنے پر نوٹس جاری کیا۔
فاروق نعمت کو بھی 6 نومبر کو سہ پہر 3:30 بجے اور نصرت اللہ کو 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں 10 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے 14 نومبر کو پولنگ ہوگی۔