شیو سینا کے رہنما گووندا ایک بار پھر اسپتال منتقل۔۔ اچانک کیا ہوگیا؟

ہماری ویب  |  Nov 18, 2024

بالی وڈ کے معروف اداکار اور شیو سینا کے رہنما گووندا کی ایک انتخابی ریلی کے دوران طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں فوری طور پر ائیر لفٹ کر کے ممبئی کے اسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جَلگاؤں میں منعقدہ اس ریلی میں گووندا نے ابتدائی طور پر ہلکی جسمانی تکلیف کی شکایت کی، مگر جلد ہی معاملہ سنگین ہوگیا۔ سینے میں شدید درد اور ٹانگوں میں تکلیف کی وجہ سے ڈاکٹروں کے مشورے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں ممبئی منتقل کیا گیا، جہاں ان کی طبیعت کو دیکھتے ہوئے فوری امداد فراہم کی گئی۔

فی الحال گووندا یا ان کے خاندان کی طرف سے ان کی صحت کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے ان کے مداح شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل بھی گووندا ایک حادثے کا شکار ہوئے تھے۔ پچھلے ماہ اپنی رہائش گاہ پر وہ اپنے لائسنس یافتہ ریوالور کو الماری میں رکھتے ہوئے حادثاتی طور پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ ان کے مینیجر نے بتایا کہ گولی غلطی سے فائر ہوگئی تھی، جس سے گووندا کی ایک ٹانگ پر چوٹ لگی، تاہم ان کا زخم خطرناک نہیں تھا اور وہ اسپتال سے جلد ڈسچارج ہوگئے تھے۔

گووندا کے حالیہ واقعات نے ان کے مداحوں کو فکرمند کر دیا ہے، مگر سب دعاگو ہیں کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر دوبارہ اپنی سرگرمیاں بحال کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More