اسلام آباد: پاکستان نے بنگلہ دیش کو ڈینگی کی وبا سے نمٹنے میں مدد کرنے کی پیشکش کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بنگلہ دیش میں ڈینگی پھیلنے کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں بنگلہ دیش میں اپنے بھائیوں اور بہنوں سے یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ اور ہم ہر طرح سے مدد کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں مئی سے ستمبر تک ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ای سی سی نےسردیوں کیلئے بجلی کے خصوصی پیکیج کی منظوری دیدی
مقامی میڈیا کے حوالے سے ملک کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے ایک بیان کے مطابق بنگلہ دیش میں اس سال اب تک ڈینگی سے کم از کم 421 اموات اور 81,068 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیش میں گزشتہ سال ڈینگی سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک ہزار 705 تھی اور وائرل انفیکشنز کی کل تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 179 تھی۔