چین آرٹیفیشل آئی لینڈ یعنی مصنوعی جزیرے پر دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ تعمیر کر رہا ہے۔’ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ‘ کے مطابق چین کے شہر ڈالیان میں مصنوعی جزیرے پر زیر تعمیر دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ 20 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہو گا۔یہ رقبہ دنیا میں مصنوعی جزیروں پر بنائے گئے دیگر ہوائی اڈوں میں سے سب سے بڑا ہے۔ہانک کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ 12.48 مربع کلومیٹر جبکہ کانسئی ایئرپورٹ اوساکا، جاپان 10.5 مربع کلومیٹر پر تعمیر کیا گیا ہے۔یہ ہوائی اڈا ان دونوں سے بڑا ہے اور یہ شہر کے شمال مشرقی ٹریفک کے مرکز کے طور پر استعمال ہو گا۔جنزہوون ایئرپورٹ چین کے ساحلی شہر ڈالیان میں زیرتعمیر ہے، یہ اپنے قدرتی محل وقوع کی وجہ سے پڑوسی جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ تجارت میں اہم کردار ادا کرے گا۔60 لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل یہ شہر جو بوہائی آبنائے کے شمالی کنارے پر واقع ہے تیل کی ریفائنریوں، شپنگ اور لاجسٹکس سروسز اور ساحلی سیاحت کا ایک مرکز بن چکا ہے۔یہ ہوائی اڈہ نو لاکھ مربع میٹر پر پھیلے چار رن ویز پر مشتمل ہو گا۔ ڈالیان کی صوبائی حکومت کے مطابق ’یہ ہوائی اڈہ ایک شاندار محل وقوع کی وجہ سے علاقائی ٹریفک کا مرکز بنے گا۔‘ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل کے مطابق اس ایئرپورٹ کے ٹرمینلز کی گنجائش ابتدائی طور پر سالانہ 43 ملین مسافروں کی ہوگی جو موجودہ ایئرپورٹ سے دع گنا ہے، جبکہ بعد میں یہ سالانہ 80 ملین مسافروں کو سنبھالنے کے قابل ہوگا۔ایئرپورٹ کے ذریعے سالانہ ایک ملین ٹن کارگو کی بھی ترسیل ہو گی۔ جنزہوون ایئرپورٹ 4.3 بلین ڈالرز کی لاگت سے تیار ہوگا اور اس کی تکمیل 2035 تک ہو گی۔