مصر میں جاری ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب اردوان اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم شہبازشریف ڈی ایٹ سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد واپس پاکستان روانہ ہوگئے۔
مصر: وزیراعظم شہباز شریف کی اردوان اور پزشکیان سمیت اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقات
وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردون سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے 5 بلین ڈالر کے دو طرفہ تجارتی ہدف کے حصول کیلئے اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ پر زور دیا۔
صدر اردوان نے علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔
قاہرہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی اور وہاں کے لوگوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے بارڈر مارکیٹیں فعال کرنا اہم ہے۔
وزیراعظم نے برکس کا رکن بننے پر بھی ایران کو مبارک باد دی اور پاکستان کی برکس میں رکنیت کیلئے حمایت کی درخواست کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مسعود پزشکیان کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
ڈی ایٹ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے بھی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی صورتِ حال سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف ڈی ایٹ سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد واپس پاکستان روانہ ہوگئے۔