تبت میں زلزلے سے عمارتیں زمین بوس، 53 افراد ہلاک

سچ ٹی وی  |  Jan 07, 2025

تبت میں 6.8 شدت کے زلزلے سے کئی عمارتیں گرگئیں اور اب تک 53 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح چین کے علاقے تبت، نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو، بھارت کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق چین میں اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 10 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے، جب کہ زلزلے کا مرکز تبت کی ٹنگری کاؤنٹی تھا۔

چین کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، تبت زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔

چینی نیوز ایجنسی نے تبت کی ٹنگری کاؤنٹی میں زلزلے کے باعث گھر گرنے اور 53 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ متعدد زخمی بتائے گئے ہیں۔

چینی میڈیا کا کہنا ہےکہ اس خطے میں 5 سال کے دوران آنے والا یہ سب سے خطرناک زلزلہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بھی عمارتیں لرز گئیں اور کھٹمنڈو میں زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب بھارتی ریاست بہار میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.1 رہی۔

بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر آیا جس کی شدت سے 5 سے 6 سیکنڈز تک عمارتیں لرزتی رہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More