لائیو: ’ماتم کروں یا روؤں جو کہتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے قوم ترقی نہیں کرتی‘

اردو نیوز  |  Jan 09, 2025

اہم نکات:

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک

حکومتِ بلوچستان کا خضدار واقعے کی تحقیقات کا حکم

ایئر کراچی کی لائسنس کے لیے درخواست

رحیم یار خان میں تین ہندو شہری اغوا

مری میں برفباری نہ ہونے کی وجہ سے تاجر پریشان

فٹ اینڈ ماؤتھ بیماری صرف جانوروں کو نہیں بلکہ انسانوں کو بھی ہوتی ہے، مریم نواز

پنجاب کی وزیراعلٰی مریم نواز نے کہا ہے ان لوگوں کی عقل پر ماتم کرنے کو دل کرتا ہے جو کہتے تھے کہ سڑکوں سے ترقی نہیں ہوتی۔

پاکپتن میں وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے لائیو سٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب سے کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سنتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے کوئی قوم ترقی نہیں کرتی، بڑی حیرت کی بات ہے، کسی کی عقل پر ماتم کروں یا روؤں، جہاں سڑکیں بنتی ہیں، وہاں ترقی آتی ہے۔ سڑک کے بغیر کبھی ترقی نہیں آ سکتی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ فٹ اینڈ ماؤتھ بیماری صرف جانوروں کو نہیں بلکہ انسانوں کو بھی ہوتی ہے۔

وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ مویشی پالنے والے کو فی جانور 27 ہزار روپے بلاسود قرض کی فراہمی ہوگی۔ ’90 ہزار لوگوں کو لائیو سٹاک کارڈز اور چار لاکھ جانوروں کے لیے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ جانوروں کی نشانی کے لیے کیو آر کوڈز متعارف کرا رہے ہیں، جس کے ذریعے جانوروں کا مکمل ڈیٹا محکمے کا پاس ہو گا۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے بعد ڈیڈلاک برقرار

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف میں مذاکرات کے گذشتہ راؤنڈ کے بعد ڈیڈلاک بدستور برقرار ہے۔

گذشتہ اجلاس میں حکومت نے پی ٹی آئی سے اپنے مطالبات تحریری شکل میں دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے جواب میں پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اس کے لیے انہیں عمران خان سے ایسی جگہ ملاقات کی ضرورت ہے، جہاں پر ان کی گفتگو نہ سنی جائے۔ تاہم ابھی تک ایسی ملاقات کا انتظام نہیں ہو سکا۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب کی ہدایت پر عمران خان سے آج ملاقات کے وقت کے لیے اڈیالہ جیل حکام سے رابطہ کیا ہے۔ 

’عمر ایوب کی ہدایت پر جیل حکام سے گذشتہ روز بھی رابطہ کیا تھا تاہم آج جیل مینول اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق آج دوستوں کی ملاقاتوں کا دن ہے۔‘

دوسری طرف پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر خان نے گذشتہ روز عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ انہوں نے مطالبات تحریری شکل میں دینے کی اجازت دے دی ہے اور مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

لیکن حکومت کی طرف سے ابھی اگلا اجلاس بلانے کےمتعلق کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔

پی آئی اے کی پیرس کے لیے پہلی پرواز 10 جنوری کو روانہ ہو گی، تمام سیٹیں بُک

چار سال بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پیرس کے لیے پہلی پرواز 10 جنوری کو روانہ ہو گی۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق اسلام آباد سے پیرس جانے والی اور پیرس سے واپس آنے والی دونوں پروازوں کی اکانومی کلاس کی تقریباً تمام نشستیں فروخت ہو چکی ہیں۔ پہلی پرواز سے پی آئی اے کو 11 کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ طیارے کی مجموعی گنجائش 323 مسافروں کی ہے، اور پہلی پرواز میں ایگزیکٹیو اور اکانومی کلاس کی تمام نشستیں بک ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ اگلے ہفتے کی پروازوں کی بھی تقریباً سیٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’یورپ سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کی بہت زیادہ ڈیمانڈ تھی، جو اس کامیاب آغاز سے ظاہر ہوتی ہے۔‘

خضدار میں حالات معمول پر، سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موجود

زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ

حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد حالات معمول پر آگئے ہیں۔

جمعرات کو ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔

خضدار سے تقریباً 40 کلومیٹر دور زہری کے علاقے میں بدھ کو گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار درجنوں مسلح افراد داخل ہوئے، اور وہاں موجود اہم سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق لیویز، ایف سی، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری حملے کی اطلاع ملتے ہی زہری پہنچ گئی تھی۔ راستے میں حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی اور فورسز کی ایک گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بھی بنایا گیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔

حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

حکومت بلوچستان نے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ہمارے ادارے تعاون کے بجائے ایک دوسرے کو کنٹرول کرنے کے چکر میں ہیں، علی امین گنڈاپور

خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ’کسی بھی ملک کے لیے انقلاب ایک بنیادی چیز ہے لیکن ہم بادشاہت کے چکر میں اس طرف بھی نہیں جا رہے۔‘

جمعرات کو پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے، محکمے اور نظام ایک دوسرے سے تعاون کے بجائے کنٹرول کرنے کے چکر میں پڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جب بنا تو چار صوبے تھے آج بھی وہی چار صوبے ہیں لیکن آبادی بڑھ چکی ہے۔ کیونکہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ میرے پاس بڑا دائرہ اختیار ہوں۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے نرسنگ اور میڈیکل کالج کے قیام کے لیے 50 کروڑ دینے کا اعلان کیا۔

نئی ایئر لائن کی آمد، ایئر کراچی کی لائسنس کے لیے درخواست 

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے تاجروں نے ’ایئر کراچی‘ کے نام سے نئی ایئر لائن کے قیام کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔

کراچی کے تاجروں نے گزشتہ برس نومبر میں ایئر کراچی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ایک سینیئر افسر نے اردو نیوز کے نامہ نگار زین علی کو بتایا کہ ایئر کراچی کی جانب سی اے اے سے تحریری طور پر رابطہ کر کے لائسنس کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے، تمام ضروری اقدامات کے بعد اسے وزارت ہوا بازی بھیجا جائے گا۔

اس سے قبل کارگو ایئر لائن کے ٹو ایئر ویز نے بھی پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔

شعبہ ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر کراچی کی آمد سے ملک میں جہاں فضائی سفر کی سہولتیں بڑھیں گی، وہیں مارکیٹ میں مقابلے کی فضا بنے گی، جس کا براہ راست فائدہ مسافروں کو ہو گا۔

رحیم یار خان میں تین ہندو شہری اغوا، ڈاکوؤں کا پولیس سے خاندان کے 10 افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ

پاکستان کی صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع ضلع رحیم یار خان کے علاقے بھونگ سے مبینہ طور پر تین نوجوانوں کو اغوا کیا گیا ہے، جن کا تعلق ہندو برادری سے ہے۔

 پولیس کے مطابق تینوں نوجوان شمان، سجن اور شمیر چوک سویترا بیسک ہیلتھ یونٹ کے قریب جا رہے تھے، جب پانچ ڈاکوؤں نے انہیں روکا اور اس کے بعد اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔

بعد ازاں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں ایک مبینہ ڈاکو عاشق حسین نے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تین ہندو نوجوانوں کو اغوا کیا ہے جس کا بنیادی مقصد اپنے خاندان کے 10 افراد کو پولیس سے چھڑوانا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ احمد پور لامہ کے ایس ایچ او رانا رمضان نے ان کے 10 خاندان کے افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ 

پولیس نے واقعے کی ایف ائی آر درج کرنے کے بعد تینوں مغوی نوجوانوں کو رہا کرانے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اس حوالے سے جب رحیم یار خان پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے سے گریز کیا ہے۔

مری میں برفباری نہ ہونے کی وجہ سے تاجر پریشان

صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد

پاکستان کے معروف سیاحتی مقام مری میں برفباری نہ ہونے کی وجہ سے مقامی تاجر پریشان ہیں۔ عام طور پر مری میں دسمبر کے دوان دو سے تین مرتبہ برف باری ہوتی ہےم تاہم رواں سال دسمبر میں صرف ایک بار معمولی برفباری ہوئی ہے۔

مری میں گزشتہ 20 سال سے ہوٹلنگ کے کاروبار سے منسلک تاجر ریاض عباسی (فرضی نام) نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ ہمارا کاروبار گرمی اور سردی کے موسم کے ساتھ ہی چلتا ہے۔

’اگر موسم سرما میں برفباری نہ ہو تو سیاحوں کی بہت کم تعداد مری کا رخ کرتی ہے اور رواں سال اب تک یہی صورتحال رہی ہے جس کی وجہ سے ہمارے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔‘

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ترجمان محمد عبداللہ نے اُردو نیوز کو بتایا  ہے کہ مری میں 11 جنوری یعنی جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب بارش اور برفباری کے 30 فیصد امکانات موجود ہیں، تاہم ابھی تک برفباری کا کوئی بڑا نظام مری اور اُس کے مضافاتی علاقوں میں داخل ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More