بالی وُڈ کے اداکار سیف علی خان نے ہسپتال لے کر جانے والے رکشہ ڈرائیور سے ملاقات کی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سیف علی خان نے 21 جنوری کو لِیلا وتی ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے قبل بھجن سنگھ رانا نامی رکشہ ڈرائیور سے ملاقات کی۔
بھجن سنگھ رانا نے 16 جنوری کی رات کو پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات کے دوران شدید زخمی ہونے والے سیف علی خان کو ایمرجنسی میں ممبئی کے لِیلا وتی ہسپتال پہنچایا تھا جہاں اداکار کی سرجری اور علاج کیا گیا۔
ہسپتال پہنچانے کے بعد رکشہ ڈرائیور نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں تھا کہ زخمی ہونے والے شخص سیف علی خان ہیں۔
وائرل تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیف علی خان بھجن سنگھ رانا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تصویر میں سیف علی خان رکشہ ڈرائیور کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کھڑے ہیں۔
سیف علی خان سے ملاقات کے حوالے سے نیوز ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے بھجن سنگھ نے بتایا کہ ’مجھے آج ملاقات کی دعوت دی گئی۔ یہ بات مجھے کافی اچھی لگی۔ اس میں کچھ خاص نہیں تھا، یہ ایک معمول کی ملاقات جیسی تھی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں نے سیف علی خان کو دعا دی کہ آپ جلدی سے ٹھیک ہو جائیں۔ میں نے پہلے بھی آپ کے لیے دعا کی تھی اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔‘
یاد رہے کہ 16 جنوری کی رات کو سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کی غرض سے ایک شخص گھسا تھا جس کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے سیف علی خان کو چاقو کے گہرے زخم آئے۔
ڈکیت نے سیف علی خان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب چاقو گھونپا تھا جس کے بعد اداکار کی فوری طور پر سرجری کی گئی۔
دوسری جانب پولیس نے شریف الاسلام شہزاد نامی بنگلہ دیشی شہری کو ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم غیر قانونی طور پر انڈیا میں داخل ہوا جہاں وہ بجوئے داس کے جعلی نام سے رہائش پذیر تھا۔