چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اس وقت سیاست عوام کے مسائل کی نہیں ہو رہی، حکومت کو مشورہ ہےکہ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے فیصلے کریں۔
اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ لیبر کے ایجنڈے کو پروموٹ کیا، پاکستان پیپلز پارٹی کا مزدوروں کے ساتھ جہدوجہد تین نسلوں سے ہے، تمام یونینز کی کامیابی پر خوش ہوں اور سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو آئین نظام پیپلزپارٹی نے دیا ہے، لیبرز کو پیپلز پارٹی نے جو حقوق دیے ہیں، اسے پوری دنیا نے تسلیم کیا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی وجہ مزدوروں کی اسپورٹ تھی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ لیبر کے ایجنڈے کو پروموٹ کیا ہے، پیپلز پارٹی نے تنخواہوں، پنشن میں اضافہ کیا، مزدور کی ترقی کے ساتھ معیشت کی ترقی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا نظام نہیں ہے کہ جہاں حکومت وہاں کی مرضی کے بغیر چل سکے، آپ انتخابات کریں یا نہ کریں، صدر ہو، وزیراعظم یا بادشاہ، یا امیر المومنین ہو، وہ نظام عوام کی مرضی پر چلتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی پالیسی اپنے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق بناتے ہیں، کچھ نظام میں ایسے کرتے ہیں کہ انتخابات کرواتے ہیں، اور ان انتخابات میں عوام اپنی رائے ظاہر کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف نظام میں وہ سائنٹفک طریقے سے پولنگ کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ ہمارے لوگ کیا چاہتے ہیں، اور ان کی خواہشات کے مطابق نظام چلایا جاتا ہے، اور ان کے ملک ترقی بھی کرتے ہیں۔