انسانوں کے قد و قامت میں گزشتہ ایک صدی کے دوران اضافہ ہوا ہے اور ایسا اچھی صحت اور غذائیت سے ہوا مگر حیران کن طور پر خواتین کے مقابلے میں مردوں کو زیادہ فائدہ ہوا ہے۔
یہ دلچسپ انکشاف ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔
جرنل بائیولوجی لیٹرز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک صدی کے دوران خواتین کے مقابلے میں مرد دوگنا زیادہ لمبے اور جسمانی طور پر بھاری ہوئے ہیں۔
اٹلی، امریکا اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے عالمی ادارہ صحت کے 2003 کے اس ڈیٹا کا تجزیہ کیا جس میں 69 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کے قد اور وزن کی تفصیلات موجود تھیں۔
اس کے بعد ماہرین نے اس ڈیٹا کا موازنہ ہیومین ڈویلپمنٹ انڈیکس (ایچ ڈی آئی) کے ڈیٹا سے کیا، اقوام متحدہ کے اس ڈیٹا میں قومی سطح پر انسانوں کے جسمانی پیمائش کی جاتی ہے۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ اس عرصے میں خواتین کے قد میں اوسطاً 1.68 سینٹی میٹرز جبکہ مردوں کے قد میں 4.03 سینٹی میٹر اضافہ ہوا۔
اسی طرح خواتین کے وزن میں اوسطاً 2.70 کلوگرام جبکہ مردوں کے وزن میں 6.48 کلوگرام اضافہ ہوا۔
اس ٹرینڈ کی تصدیق عالمی بینک کے Gini انڈیکس کے ڈیٹا کے تجزیے سے بھی ہوئی۔
اس انڈیکس میں 58 ممالک میں 2000 سے 2006 کے درمیان مالی عدم مساوات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ زیادہ عدم مساوات سے قد و قامت میں کمی آتی ہے۔
درحقیقت عدم مساوات میں ہر یونٹ اضافے سے خواتین کے قد میں اوسطاً 0.14 سینٹی میٹر جبکہ مردوں کے قد میں 0.31 سینٹی میٹر کمی آتی ہے۔
اسی طرح خواتین کا وزن اوسطاً 0.13 کلوگرام جبکہ مردوں کا 0.39 کلوگرام گھٹ جاتا ہے۔
تو خواتین کے مقابلے میں مردوں کے قد اور وزن میں دوگنا اضافہ کیوں ہوا ہے؟
اس بارے میں محققین کا خیال ہے کہ ایسا شریک حیات کے انتخاب کی وجہ سے ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں لمبے اور جسمانی طور پر بھاری مردوں کو مضبوط تصور کیا جاتا تھا اور وہ شریک حیات کے انتخاب کے معاملے میں دیگر مردوں کو پیچھے چھوڑ دیتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آج بھی خواتین زیادہ لمبے مردوں کو ترجیح دیتی ہیں جبکہ خواتین کا قد اس حوالے سے اہمیت نہیں رکھتا، یعنی مرد کبھی یہ نہیں کہتے کہ مجھے صرف لمبی خواتین پسند ہیں۔
محققین کے مطابق یہ ایک دلچسپ تحقیق تھی جس میں یہ بھی دریافت ہوا کہ پرتناؤ ماحول میں مردوں کو امراض کے زیادہ بوجھ کا سامنا بھی ہوتا ہے، درحقیقت ایسا ماحول مردوں کے حجم پر خواتین سے زیادہ منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔