"طالبان قیادت کے سر کی قیمت" امریکا کا بڑا اعلان

سچ ٹی وی  |  Jan 26, 2025

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا طالبان کے سرکردہ رہنماؤں کے سر کی بہت زیادہ قیمت مقرر کرنے کا اعلان کر سکتا ہے، ہم سن رہے ہیں کہ طالبان نے پہلے سے کہیں زیادہ امریکیوں کو یرغمال بنایا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ صرف یہ سن کر کہ طالبان نے رپورٹ کیے گئے نمبر سے سے کہیں زیادہ امریکی یرغمالیوں کو یرغمال بنایا ہے، ’اگر یہ سچ ہے تو ہمیں فوری طور پر ان کے سرکردہ رہنماؤں پر بہت بڑا انعام دینا پڑے گا، شاید اسامہ بن لادن کے سر کی قیمت سے بھی بڑا انعام‘۔

اس پوسٹ میں مزید تفصیلات نہیں دی گئیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ طالبان کے زیر حراست امریکیوں کی تعداد کتنی ہے۔

کابل میں حکام نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکا نے افغانستان میں قید 2 امریکی شہریوں کے بدلے منشیات کی اسمگلنگ اور انتہا پسندی کے الزام میں امریکی عدالت کی جانب سے سزا یافتہ ایک افغان کو رہا کیا ہے۔

افغان حکام نے منگل کے روز بتایا کہ خان محمد نامی شخص رہا ہونے کے بعد کابل پہنچ گیا ہے، طالبان انتظامیہ کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ تبادلے میں 2 امریکیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

ان کے اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رہا کیے جانے والے امریکیوں میں سے ایک ریان کاربیٹ تھا، اہل خانہ کے مطابق کاربیٹ 2022 سے طالبان کی حراست میں تھا، امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والے دوسرے امریکی کا نام ولیم میک کینٹی ہے۔

20 سالہ طویل جنگ کے اختتام پر افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد طالبان نے 2021 میں افغانستان میں اقتدار سنبھال لیا تھا۔

بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ انہوں نے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں پر ظلم و ستم کا الزام عائد کرتے ہوئے امارات اسلامیہ افغانستان کے سپریم روحانی پیشوا ہیبت اللہ اخوندزادہ سمیت 2 طالبان رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست دی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More