امریکا میں مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے تصادم کے بعد دریا میں گر کر تباہ ہوگیا، امریکی ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ اور آرمی کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر ریگن نیشنل ایئرپورٹ واشنگٹن کے قریب فضا میں ٹکرانے کے بعد دریائے پوٹومیک میں گر کر تباہ ہوگئے، اس واقعے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق واشنگٹن پوسٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دریا کے پانی سے اب تک 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں، تاہم تاحال کسی زندہ شخص کو نہیں نکالا گیا۔
ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹیڈ کروز نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ہلاکتیں ہوئی ہیں‘، تاہم انہوں نے تعداد نہیں بتائی۔
ایئرلائن کے مطابق طیارہ امریکن ایئر لائنز کی پرواز 5342 تھا، جس میں 60 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں 3 فوجی سوار تھے، جو تربیتی پرواز اڑا رہے تھے۔
ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی ٹیک آف اور لینڈنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار ایک خاتون مسافر کا حوالہ دیتے ہوئے ایک شخص نے ایئرپورٹ حکام سے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ وہ وہاں پہنچی یا نہیں‘، اتنا کہہ کر ان کے آنسو گرنے لگے۔
امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات کی تصدیق کی جاسکتی ہے کہ آج رات کے واقعے میں گرنے والا طیارہ ورجینیا کے شہر فورٹ بیلوار سے نکلنے والا آرمی کا یو ایچ 60 ہیلی کاپٹر تھا، ہم مقامی عہدیداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور دستیاب ہونے کے بعد اضافی معلومات فراہم کریں گے۔