آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ، پاکستان کے نعمان علی اور ساجد خان کی ترقی

اردو نیوز  |  Jan 30, 2025

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی جاری ہونے والی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے سپنر نعمان علی اور ساجد خان نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے کئی درجے ترقی کی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق جہاں ساجد خان اور نعمان علی کی شاندار ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے وہیں کئی کھلاڑی ایسے بھی ہیں جن کی خراب کارکردگی کی وجہ سے تنزلی ہوئی ہے۔

نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹیسٹ میچز میں کُل 16 وکٹیں حاصل کی اور یہی پرفارمنس ان کی ترقی کی وجہ بھی بنی۔

نعمان علی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں اور یہ ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین پوزیشن ہے۔

انہوں نے 806 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ہیں جو کرکٹ کی دنیا میں بائیں بازو کے سپنر کی اہم کامیابی سمجھی جاتی ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں 800 کا ہندسہ عبور کرنے والے نعمان علی 12ویں پاکستانی بولر بھی بن گئے ہیں۔

سپنر ساجد خان کی بھی حالیہ میچز میں شاندار بولنگ کی وجہ سے ترقی ہوئی ہے۔

ساجد خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 15 وکٹیں حاصل کی۔ ساجد خان 644 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے دو درجے  ترقی کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 21 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ان کے علاوہ سپنر ابرار احمد نے بھی دو درجے ترقی کرتے ہوئے 50 ویں پوزیشن سمیٹ لی ہے۔

اسی طرح سے کئی بولرز کی خراب کارکردگی کے باعث تنزلی بھی ہوئی ہے۔ فاسٹ بولر شاہیں آفریدی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ محمد عباس 27 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

نسیم شاہ چار درجے تنزلی کے ساتھ 40 ویں، خرم شہزاد 65 ویں جبکہ میر حمزہ 91 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

دوسری جانب سٹار بیٹر بابر اعظم کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ تین درجے تنزلی کے بعد 16 ویں سے 19 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

اسی طرح سے محمد رضوان کی ترقی ہوئی ہے اور وہ 17 ویں سے 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کا ایک درجہ کم ہوا ہے اور وہ ٹاپ ٹین میں سب سے نیچے یعنی 10 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی سات درجے تنزلی کے ساتھ 49 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ سلمان علی آغا بھی پانچ درجے تنزلی کے بعد 32 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More