ابھرتے ہوئے اداکار و ماڈل ضرار خان نے انکشاف کیا ہے کہ مختصر کردار کے وقت وہ سپر اسٹار ماہرہ خان کو پسند آگئے تھے، جنہوں نے انہیں کام کی پیش کش کی اور یوں ان کا کیریئر شروع ہوا۔
ضرار خان نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کا تعلق کوہاٹ جب کہ والدہ کا تعلق پشاور سے ہے، ان کے والدین پشتون ہیں، تاہم اب وہ لاہور میں مقیم ہیں۔
ان کے مطابق ان کے والد پاک فوج میں تھے، جس وجہ سے ان کا بچپن متعدد شہروں میں گزرا اور انہوں نے متعدد تعلیمی اداروں سے تعلیم بھی حاصل کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں سب سے پہلے ایک اشتہار میں کام کی پیش کش ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں ماہرہ خان کے ساتھ فلم میں مختصر کردار کی پیش ہوئی۔
ضرار خان نے انکشاف کیا کہ وہ ماہرہ خان اور فواد خان کی فلم ’نیلوفر‘ کی کاسٹ میں بھی شامل ہیں، انہوں نے فلم میں مختصر کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ’نیلو فر‘ ابھی تک کیوں ریلیز نہیں ہوئی، تاہم انہوں نے مذکورہ فلم میں مختصر کردار ادا کیا ہے۔
ضرار خان کے مطابق ’نیلو فر‘ میں کام کے دوران ہی وہ ماہرہ خان کو پسند آگئے، جنہوں نے انہیں کام کی پیش کش کی۔
انہوں نے بتایا کہ ماہرہ خان نے انہیں اپنی اسپورٹس سیریز ’بارہواں کھلاڑی‘ میں کام کی پیش کش کی اور یوں ان کا کیریئر شروع ہوگیا۔
ضرار خان کے مطابق ابھی تک وہ نصف درجن سے زائد ڈراموں، ٹیلی فلموں، فلم اور ویب سیریز میں کام کر چکے ہیں اور اب ان کا ’میم سے محبت‘ میں کردار پسند کیا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شروع میں انہیں کراچی پسند نہیں تھا لیکن اب وہ آہستہ آہستہ اس شہر کو پسند کرنے لگے ہیں، وہ دوستیاں اور تعلقات بنانے لگے ہیں، انہیں یہاں کا کھانا اور لوگ اچھے لگنے لگے ہیں۔