کامیڈین گلوکار، اداکار و سوشل میڈیا اسٹار چاہت فتح علی خان کی ٹی وی میزبان حنا نیازی کے ہمراہ بھی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر گفتگو کی۔
پروگرام کی شوٹنگ کے دوران چاہت فتح علی خان نے میزبان حنا نیازی کے ہمراہ متعدد ویڈیوز بنائیں، جنہیں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جہاں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
سنو ٹی وی کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی پروگرام کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کی گئی، جس میں چاہت فتح علی خان ٹی وی میزبان کو شادی کی پیش کش کرتے دکھائی دیے۔
مذکورہ کلپ کے دوران ٹی وی میزبان نے ان سے شادی کے لیے لڑکی سے متعلق سوال کیا، جس پر چاہت فتح علی خان نے حنا نیازی کو جواب دیا کہ انہیں ان جیسی خوبصورت، پٹھانی اور نیلی آنکھوں والی لڑکی چاہیے۔
وائرل کلپ میں چاہت فتح علی خان ٹی وی میزبان کو مزید کہتے ہیں کہ وہ ایک سال سے ان کا انتظار کر رہے تھے۔
ویڈیو میں ٹی وی میزبان کو چاہت فتح علی خان کی بات پر ہسنتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ساتھ ہی وہ انہیں کہتی ہیں کہ وہ انہیں پسند نہیں جب کہ گھر والے بھی نہیں مانیں گے۔
علاوہ ازیں دونوں کی جانب سے پروگرام کے سیٹ پر بنائی گئی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔
پروگرام کے سیٹ پر بنائی گئی ایک ویڈیو میں چاہت فتح علی خان اور حنا نیازی کو انتہائی قریب سے دیکھا گیا۔
مذکورہ ویڈیو میں حنا نیازی ان سے پوچھتی ہیں کہ انہیں سب سے زیادہ مزہ کس پروگرام میں آیا؟ اس پر چاہت فتح علی خان مذکورہ میزبان کا نام لیتے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو کے دوران چاہت فتح علی خان مزاحیہ انداز میں ٹی وی میزبان کو کہتے ہیں کہ ہم دونوں کا سائز بھی ایک جتنا ہے، جس پر حنا نیازی ان سے سوال کرتی ہیں کہ کس چیز کا سائز؟
ٹی وی میزبان کے سوال پر چاہت فتح علی خان وضاحت کرتے ہیں کہ دونوں کے قد کا سائز ایک جتنا ہے۔
متھیرا کے بعد حنا نیازی کے ہمراہ چاہت فتح علی خان کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور تبصرے کیے کہ بعد میں خواتین الزامات لگاتی ہیں کہ کامیڈین نے ان کے ساتھ غلط کیا۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل چاہت فتح علی خان نے متھیرا کے شو میں بھی شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے اداکارہ کے ساتھ ویڈیوز بھی بنائی تھیں، جن کے وائرل ہونے کے بعد متھیرا نے ان پر ہراسانی کے الزامات لگائے تھے۔