نرگس دین اسلام کی جانب کیسے راغب ہوئیں؟ اداکارہ نے بتادیا

سچ ٹی وی  |  Feb 11, 2025

ماضی کی مقبول تھیٹر و اسٹیج اداکارہ و رقاصہ نرگس نے دین اسلام کی جانب راغب ہونے پر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ماضی میں وہ گانے سنتے سنتے سوجاتی تھیں، اب تقریریں سن کر سوتی ہیں اور انہیں تہجد کے لیے الارم لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

نرگس نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں تھیٹر، رقص اور اسٹیج چھوڑ کر دین اسلام کی جانب راغب ہونے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔

ادکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی نامناسب رقص نہیں کیا تھا، انہوں نے اعضا کی شاعری کی تھی، اب بھی ان کے اسٹیج ڈرامے نکال کر دیکھیں جائے تو ان میں کہیں فحاشی نظر نہیں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے کام کو عبادت سمجھ کر کیا، وہ اپنی رقص کی کمائی کو بھی زکوۃ ادا کیے بغیر گھر نہیں لاتی تھیں۔

نرگس کے مطابق انہیں پہلے دن سے زکوۃ دینے کی عادت تھی، وہ اپنی کمائی سے پہلے ڈھائی فیصد زکوۃ ادا کرتی تھیں، پھر کمائی کے پیسے گھر لاتی تھیں، زکوۃ سے خدا بندے کی کمائی کو پاک کردیتے ہیں۔

دین اسلام کی جانب راغب ہونے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مولانا طارق جمیل انہیں دین کی طرف لائے، انہوں نے ان کے ساتھ ہی پہلی بار حج کیا تھا۔

سابق رقاصہ کے مطابق مولانا طارق جمیل نے جب انہیں تبلیغ کے ذریعے دعوت دی، تب انہیں تین کروڑ روپے کی پیش کش بھی کی۔

سابق تھیٹر اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس وقت مختلف پروڈیوسرز سے معاہدے کر رکھے تھے، انہوں نے پروڈیوسرز سے 3 کروڑ روپے بھی لے رکھے تھے، اس لیے انہیں مولانا طارق جمیل نے پیش کش کی کہ ان کے لیے ہوئے پیسے وہ ادا کرتے ہیں لیکن پہلے وہ خود ایک طرف ہوجائیں۔

نرگس نے کہا کہ بعد ازاں انہوں نے خود ہی مولانا طارق جمیل کو کہا کہ وہ دل سے دین اسلام کی جانب راغب ہوں گی اور بعد ازاں انہوں نے مذہب کی خاطر ہر شے سے دوری کرلی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف اپنی کمائی سے مساجد اور امام بارگاہیں بنوائیں بلکہ انہوں نے متعدد افراد کو حج بھی کروایا اور وہ ایک فلاحی ادارہ بھی چلاتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں 2003 میں اس وقت کے صدر اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے دوسری اداکارہ کے ذریعے انہیں 25 لاکھ روپے بھجوائے اور فرمائش کی کہ لاہور گورنر ہاؤس میں آکر رقص کریں۔

ان کے مطابق انہوں نے پرویز مشرف کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے انہیں پیغام بھجوایا کہ وہ ان کی اداکاری اور رقص دیکھنے تھیٹر میں آئیں، جہاں دو ہزار روپے کا ٹکٹ ملتا ہے، وہ گورنر ہاؤس میں پرفارمنس نہیں کریں گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی بھی ذاتی پروگراموں میں پرفارمنس نہیں کی۔

نرگس نے بتایا کہ پہلی بار انہوں نے 2006 میں حج کیا، اس وقت طارق جمیل ان کے ساتھ تھے، بعد میں بھی وہ پانچ بار حج کرکے آئی ہیں جب کہ اب وہ سات وقت تہجد پڑھنے سمیت پابندی سے نمازیں بھی ادا کرتی ہیں، شب معراج اور شب برات کو وہ پوری رات جاگ کر عبادت کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More