قبل از وقت انتخابات سے متعلق جنید اکبر کا بڑا دعویٰ

سچ ٹی وی  |  Feb 11, 2025

اسٹبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کے بیانات میں تضاد پیدا ہوگیا ہے۔ ایک طرف پارٹی چئیرمین اداروں کے ساتھ مذاکرات ختم ہونے کی بات کر رہے ہیں تو دوسری جانب صوبائی صدر کا کہنا ہے کہ مذاکرات جاری ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ادارے دو سال قبل ازوقت انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔

گزشتہ روز چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ختم ہونے کا اعتراف کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک بار رابطہ ہوا تھا، دھیمے انداز اور دانش مندانہ فیصلوں کے تحت کوئی سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہئے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ختم نہیں ہونے چاہیے تھے۔

دوسری جانب آج خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر نے بیان دیا کہ اداروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

جنید اکبر نے کہا کہ صوابی میں کامیاب جلسے پر بانی چیئرمین کو خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے دو سال بعد قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہیں جبکہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتیں فوری انتخابات چاہتی ہیں۔

جنید اکبر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، بانی چیئرمین کے ہاں اختلافات کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوابی جلسے میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے گئے اور کارکنوں کو جلسے میں لانے کے لیے کسی کو پیسے نہیں دیے گئے۔

 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More