کراچی کی پراپرٹی مالکان کے لیے خوشخبری! فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے شہر کی تعمیر شدہ جائیدادوں کے حوالے سے ریلیف کا اعلان کر دیا ہے۔ ایف بی آر کے حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق، مختلف اقسام کی پراپرٹیز کی ویلیو کو نئے معیار کے مطابق مرحلہ وار کم کیا جائے گا، اور کچھ مخصوص جائیدادوں کی قیمت میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، رہائشی گرے اسٹرکچر پر تعمیر شدہ حصے کی قیمت بتدریج کم ہو گی۔ خاص طور پر، کراچی کے ڈیفنس میں کمرشل پراپرٹی کی قیمت 15 فیصد تک زیادہ سمجھی جائے گی۔
اگر آپ کا رہائشی گھر 5 سے 10 سال پرانا ہے تو اس کی تعمیر شدہ ویلیو 5 فیصد کم ہوگی، 10 سے 15 سال پرانی پراپرٹی کی قیمت میں 7.5 فیصد کمی آئے گی، اور 15 سے 20 سال پرانی جائیداد کی ویلیو 10 فیصد کم سمجھی جائے گی۔
رہائشی فلیٹس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے گی، جیسا کہ 5 سے 10 سال پرانے فلیٹس کی ویلیو 10 فیصد کم، 10 سے 15 سال پرانے فلیٹس کی ویلیو 20 فیصد کم، اور 20 سے 30 سال پرانے فلیٹس کی قیمت 30 فیصد کم سمجھی جائے گی۔ اگر فلیٹ 30 سال سے بھی پرانا ہو، تو اس کی ویلیو میں 50 فیصد تک کمی ہو جائے گی۔
کمرشل پراپرٹیز کے حوالے سے بھی ایک تفصیلی پالیسی ہے، جس کے مطابق 10 سے 15 سال پرانی کمرشل پراپرٹی کی ویلیو 5 فیصد کم، 15 سے 25 سال پرانی پراپرٹی کی قیمت 8 فیصد کم، اور 25 سال سے زائد پرانی کمرشل پراپرٹی کی ویلیو 10 فیصد کم سمجھی جائے گی۔