لائیو: وزیراعظم کی سربراہی میں آئی ایم ایف سے ’تعمیری اور مثبت ملاقات ہوئی‘

اردو نیوز  |  Feb 12, 2025

اہم نکات:

انٹرنیشنل اٹامک انرجی کے سربراہ رافیل ماریانو گروسی کا دورۂ پاکستان

آئی ایم ایف کا مالیاتی نظم و ضبط اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور

بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں دو سکیورٹی اہکار جان سے گئے

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے افغانستان کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک  رہنے کا امکان

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ دبئی میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیا کے ساتھ تعمیری اور مثبت ملاقات ہوئی ہے۔

بدھ کو کراچی میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے زیراہتمام کے ایک تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں وزیر خزانہ محمد اونگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کے حوالے سے مثبت فیڈ بیک دیا۔

منگل کو دبئی میں وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی مینجگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیا کی ملاقات ہوئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان کی معاشی ترقی اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی اور آئی ایم ایف نے پروگرام سے متعلق پاکستان کی کوششوں کر سراہا۔

پیکا ایکٹ کے خلاف کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) نے پیکا ایکٹ کے خلاف کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کر دیا ہے۔

اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کے مطابق علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر قائم کیا گیا ہے۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کہا ہے کہ متنازع ایکٹ کے ذریعے صحافیوں کو آئینی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

آزادی اظہار رائے پر قدغن کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور عوام تک سچ کی رسائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔‘

انسانی سمگلنگ میں ملوث تین سمگلرز پنجاب سے گرفتار، ایف آئی اے

 

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث دو انسانی سمگلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کو بیرون ملک اغوا اور ان پر تشدد کرنے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

ملزمان کو چھاپہ مار کارروائیوں میں منڈی بہاؤالدین اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ’گرفتار انسانی سمگلروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔‘

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل ماریانو گروسی دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

بدھ کو دفتر خارجہ نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ اپنے دورے کے دوران رافیل ماریانو وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بات چیت کریں گے۔

عرب نیوز کے مطابق آئی اے ای اے کے سربراہ اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، سیمینارز میں شرکت کریں گے اور جوہری توانائی پیدا کرنے والے مرکز کا دورہ کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کا آغاز 1957 میں ہوا۔ پاکستان آئی اے ای اے سے سب سے زیادہ تکنیکی تعاون کے پروگرام حاصل کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ، دو اہلکار جان سے گئے

زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ

بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو اہلکار جان سے گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تربت سے تقریباً 70 کلومیٹر دور تمپ میں منگل کی رات کو اس وقت پیش آیا جب ایف سی اہلکار گشت کر رہے تھے۔ 

نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی اور راکٹ کے گولے بھی داغے جس کی زد میں آکر تین اہلکار شدید زخمی ہوئے جن میں سے دو اہلکار سپاہی صدام اور سپاہی سمیع بعد ازاں دم توڑ گئے۔

31 جنوری کو بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردوں کے ساتھ لڑائی میں 18 فوجی اہلکار جان سے گئے، جبکہ 12 شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک  رہنے کا امکان ہے۔

 اسلام آباد اور گردونواح، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں  موسم سرد اور خشک رہے گا۔

 تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی: افغانستان کی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی

افغانستان کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے۔

افغانستان کی ٹیم پہلی بار آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں حصہ لے رہی ہے۔

ٹیم کی قیادت حشمت اللہ شاہدی کر رہے ہیں۔ افغانستان کا پہلا میچ 21 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں ہوگا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو گا۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کراچی میں آمنے سامنے آئیں گی۔

اس ایونٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کی وزیراعظم سے ملاقات، ’مؤثر گورننس‘ پر زور

 

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی منگل کو ورلڈ گورنمنٹس سمٹ  2025 کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، مؤثر کارکردگی اور منصوبہ بندی کی پائیداری کے لیے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔

اس موقع پر کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More