قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ایک اور سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کا فائنل کل 14 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائےگا۔
اس میچ میں بابراعظم کے پاس ایک اور تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے۔ بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز مکمل کرکے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔
اس فہرست میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ موجود ہیں جنہوں نے صرف 123 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ دوسرے نمبر پر ویرات کوہلی ہیں جنہوں نے 136 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیاہے۔
بابر اعظم نے 122 اننگز میں 55.98 کی ایوریج سے 5 ہزار 990 رنز بنارکھے ہیں اور تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والوں کی فہرست میں انہیں ہاشم آملہ کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے 10 رنز درکار ہیں۔
نیوزی لینڈ کےکین ولیمسن اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 139 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔
بابر اعظم اگرکل کے میچ میں 6 ہزار رنز مکمل کرلیتے ہیں تو وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 11 ویں پاکستانی ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے سعید انور نے 162، محمد یوسف نے 168، جاوید میانداد نے 175، انضمام الحق نے 176، محمد حفیظ نے 196، یونس خان اور شعیب ملک نے 205، اعجاز احمد نے 210 اور سلیم ملک نے 212 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے جب کہ اس فہرست میں شاہد آفریدی بھی شامل ہیں جنہوں نے 276 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔