ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفی، ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

سچ ٹی وی  |  Feb 17, 2025

یوٹیلٹی اسٹورز ورکر یونین نے آج سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔

ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، ملازمین اسلام آباد ہیڈ آفس بلیو ایریا کے سامنے دوپہر دو بجے احتجاج کریں گے،دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

ورکر یونین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو دھرنا دیا جائے گا، یوٹیلٹی ملازمین کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیے جانے کا امکان ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز ورکر یونین کے مطابق تنظیم نو کے نام پر حکومت نے تین ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کر دیا ہے، جس سے ملازمین شدید اضطراب کا شکار ہیں اور ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، ورکرز یونین کی جانب سے برطرفیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

سیکریٹری جنرل نیشنل ورکرز یونین راجہ مسکین کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف این آئی آر سی میں کیس دائر کیا جا رہا ہے اور عدالت سے حکم امتناع کیلئے رجوع کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک برطرف ملازم جنید قریشی نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی، راجہ مسکین کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی ایف آئی آر حکومت اور انتظامیہ کے خلاف درج کرانے کی کوشش کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More