پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ کے لیے فاسٹ بولر حارث رؤف مکمل طور پر فٹ ہیں۔
منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ’چیمپئنز ٹرافی ہمارے گھر میں آئی ہے تو ہم اسے قوم کے ساتھ مل کر انجوائے کریں گے۔‘
فینز کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم سے توقعات رکھنے کے سوال پر محمد رضوان نے کہا کہ ’اس پر شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہمارے پاس کھلاڑی نہیں ہیں یا قابلیت نہیں ہے، ہاں یہ بات ضرور کہہ سکتے ہیں کہ میچ کے دن ہم میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ کمی بیشی پوری ہو جائے۔‘
حارث رؤف کے فٹنس کے سوال پر جواب میں کپتان نے کہا کہ ’کل انہوں نے 80 فیصد بولنگ کی ہے، 8 اوورز تقریباً، اس سے پہلے 60 فیصد بولنگ کی۔ وہ فل ردھم میں لگ رہا ہے۔ وہ کہہ رہا ہے مجھے ایسی کوئی چیز نہیں ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے (شاہین آفریدی، بابر اعظم اور محمد رضوان) پر بوجھ زیادہ ہونا چاہیے کہ ہم ٹیم کے سینیئر پلیئر ہیں۔ ہمیں ذمہ داری لینی چاہیے اور اسی طرح پاکستان کے لیے پرفارم کرنا چاہیے۔‘
فخر زمان اور بابر اعظم کی اوپننگ جوڑی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس آپشن ہیں، اگر کنڈیشن کو دیکھ کے یا ٹیم کے حوالے سے دیکھیں تو بابر ہی اوپن کرتے ہیں۔ بابر مطمئن ہیں، وہ اوپننگ کریں گے۔‘
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ کل کراچی میں پاکستان اور نیوزی لیںڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
فاسٹ بولر حارث رؤف تین ملکی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں زخمی ہو گئے تھے۔