کیا کراچی میں موجود ہتھنی کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں؟

اردو نیوز  |  Feb 20, 2025

کراچی کے سفاری پارک کی انتظامیہ کی جانب سے مدھو بالا اور ملائکہ کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایک سینیئر افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ گذشتہ کچھ دنوں سے سفاری پارک میں موجود ہتھنیوں کی طبعیت سست محسوس کی گئی ہے، ہھتنیاں معمول کے مطابق نقل وحرکت کرتی نظر نہیں آئی ہیں۔ انتظامیہ نے موجودہ صورتحال میں دونوں ہتھنیوں کی بہتر صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ضمن میں ملکی اور غیر ملکی اداروں سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  

یاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں کراچی سفاری پارک میں ہتھنی سونیا مر کر گئی تھی۔ مرنے والی ہتھنی کے پوسٹ مارٹم میں مرنے کی وجہ ٹی بی بتائی گئی تھی۔

سفاری پارک میں موجود ہتھنیوں کی صحت کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لیے سفاری پارک کے ڈائریکٹر اور عملے سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں سے اس معاملے پر بات کرنے سے گریز کیا ہے. 

سونیا کی موت کی تفصیلات

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان علی حسن ساجد کے مطابق 8 دسمبر کو 2024 سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی موت ہوئی تھی۔ سونیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کے پھیپھڑوں کے ٹشوز اور ایبسسیس کے نمونوں میں تنفسی بیماری کی موجودگی اور سیپسس کی علامات پائی گئیں جو اس کی موت کا سبب بنی۔

سونیا کا پوسٹ مارٹم یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (یو وی اے ایس) لاہور کے ماہر پیتھالوجسٹ ڈاکٹر غلام مصطفی نے کیا تھا۔ مزید تجزیے کے لیے سونیا کے جسمانی نمونے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کی بی ایس ایل 2 لیبارٹری میں بھیجے گئے، جبکہ پھیپھڑوں اور ایبسسیس کے خصوصی ٹیسٹ بین الاقوامی سطح پر معروف لیبارٹری سے کرائے گئے۔ ان نتائج میں سونیا کو ٹی بی اور دیگر بیکٹیریل انفیکشنز کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

حفاظتی اقدامات اور دیگر ہتھنیوں کا معائنہ

سونیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سفاری پارک کی انتظامیہ نے دیگر دو ہتھنیوں، سونو اور مدھوبالا کا بھی مکمل طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ ان کے صحت کے مسائل کو بروقت شناخت کیا جا سکے۔ بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے ان ہتھنیوں کی بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

8 دسمبر کو 2024 سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی موت ہوئی تھی (فوٹو: فور پاز)عملے کے حفاظتی اقدامات

انڈس ہسپتال کے تعاون سے سفاری پارک میں ہتھنیوں کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کے بھی ضروری ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ کسی قسم کی بیماری کا شکار نہ ہوں اور حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کریں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان نے مزید کہا کہ سونیا کی موت کی وجوہات جاننے کا مقصد سفاری پارک اور کراچی چڑیا گھر میں موجود جانوروں کی دیکھ بھال کا عمل مزید بہتر بنانا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ جانوروں کی فلاح و بہبود اور ان کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

سفاری پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ جانوروں کی صحت کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ مدہوبالا میں ٹی بی کی تشخیص کے بعد مزید احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں کسی اور جانور کی صحت کو خطرہ نہ ہو۔

واضح رہے کہ پاکستان میں تنزانیہ سے لائی گئی چار ہتھنیوں میں سے اب تک دو ہتھنیاں مر چکی ہیں، ہتھنی نورجہاں اپریل 2023 میں 17 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد مر گئی تھی، جس کی وجہ سے مدھوبالا چڑیا گھر میں اکیلی رہ گئی۔ 15 سال کی طویل علیحدگی کے بعد مدھوبالا کو 26 نومبر کو سفاری پارک منتقل کیا گیا۔

اس طرح مدھوبالا، ملائکہ اور سونیا کے ساتھ دوبارہ مل گئی، جن کی عمر 17 سے 19 سال کے درمیان تھیں۔ اس کے چند روز بعد ہی اچانک سونیا سفاری پارک میں واقع اپنے پنجرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More