بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ اُلٹنے والے طلبا کا سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

اردو نیوز  |  Feb 25, 2025

بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ اُلٹنے والے طلبا نے عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسکریمینیشن نامی طلبا تنظم کے ممبران عبوری حکومت میں شامل ہیں جن میں ناہید اسلام ٹیلی کام کی وزارت، آصف محمود وزارت کھیل میں اور محفوظ عالم خصوصی مشیر ہیں۔

پیر کو گروپ کے ایک اہم رہنما سرجیس عالم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’نئی سیاسی جماعت ملک اور اس کے شہریوں کے مفادات کو کسی بھی فرد، جماعت یا گروہ کے مفادات پر ترجیح دے گی۔‘

’تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ذات پات یا مذہب سے قطع نظر ہمارے ساتھ پارلیمنٹ میں شامل ہوں گے جو عوام کی امنگوں کی علامت ہے۔‘

طلبا نے کہا کہ وہ جمعے کو پارٹی کے نام کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے ایک ہم خیال گروپ جاتیہ ناگرک کمیٹی کے کارکنوں کے ساتھ پریس کانفرنس کی جو ان کی جماعت میں شامل ہوگی۔

کمیٹی کے رکن اختر حسین نے کہا کہ ’عوام ہم سے بدعنوانی پر قابو پانے، سب کے لیے مواقع پیدا کرنے، احتساب کو یقینی بنانے، اور بلا تفریق عزت و احترام کو برقرار رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔‘

عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2025 کے آخر میں یا 2026 کے شروع میں ہوں گے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے انتخابات میں غالب آنے کی توقع ہے۔

بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے کہا ہے کہ وہ طلبا کی پارٹی کا ’استقبال‘ کریں گے۔

انہوں نے رواں ماہ کہا تھا کہ ’اگر وہ حکومت میں رہتے ہوئے پارٹی بناتے ہیں تو اس ملک کے عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More