پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہونے لگے۔
اسلام آباد میں چینی کمپنیوں اور چائنا چیمبر آف کامرس کی سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ ندیم اسلم چوہدری سے ملاقات ہوئی جس میں سیکرٹری نے چینی کمپنیوں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
دوران ملاقات پاکستان اور چین کے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جب کہ سیکرٹری نے چینی کمپنیوں کو مینوفیکچرنگ، توانائی، آئی ٹی، کاپر مائننگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان نے نئی کوششیں شروع کردی ہیں اور پاکستان میں اسپیشل اکنامک زونس کی اصلاحات کی گئیں ہیں۔
چینی سرمایہ کاروں کے لیے 35 اسپیشل اکنامک زونس کو مزید سازگار بنایا جائے گا جب کہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے، بورڈ آف انویسٹمنٹ نے چینی کمپنیوں کو لیٹرز آف اپریسی ایشن پیش کیے۔