فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کردی

اردو نیوز  |  Mar 03, 2025

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اتوار کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت کے مکمل حقوق بحال کرتے ہوئے اس کی معطلی ختم کر دی ہے۔ 

 بیان میں کہا گیا کہ ’ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی غیرمعمولی کانگریس کے کامیاب نتائج کے بعد معطلی ختم کی گئی ہے۔ فیفا اور اے ایف سی کی تجویز کردہ آئینی ترامیم کی متفقہ منظوری دے کر شرائط کو پورا کیا گیا۔‘

پاکستان فٹبال فیڈریس نے پاکستان میں فٹبال کی مسلسل سپورٹ پر فیفا اور اے ایف سی کا شکریہ ادا کیا اور رکنیت کی بحالی پر پاکستانی فٹبال کمیونٹی کو مبارکباد دی ہے۔

 اس سے قبل پی ایف ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ’پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نو منتخب کانگریس نے لاہور میں ہونے والے کانگریس کے غیر معمولی اجلاس میں فیفا کی مجوزہ آئینی ترامیم کو بھاری اکثریت سے تسلیم کر لیا ہے۔

اجلاس میں فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے وفد شریک تھے۔

یاد رہے فیفا کا کہنا تھا’معطلی صرف اس صورت میں ختم کی جائے گی اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کانگریس فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے پیش کردہ آئین کی منظوری دے۔‘

 ’پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) جب تک فیفا اور ایشین فٹبال فیڈریشن (اے ایف سی) کی تجاویز کے مطابق اپنے آئین میں ترمیم نہیں کرتی، تب تک اس کی رکنیت معطل رہے گی۔‘

فیفا کے فیصلے کے بعد پاکستان کی فٹ بال ٹیم کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکی۔ اس کے علاوہ فیفا سے ملنے والی تمام مالی اور تکنیکی معاونت بھی معطل تھی۔

پی ایف ایف سال 2015 سے بحران اور تنازعات کا شکار ہے اور 2017 کے بعد یہ تیسرا موقع تھا جب پاکستان کی رکنیت معطل کی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More