ماہ رمضان میں روزہ رکھنا جہاں روحانی فوائد سے بھرپور ہوتا ہے، وہیں نظامِ ہاضمہ کے لیے چیلنج بھی بن سکتا ہے۔ دن بھر 14 سے 15 گھنٹے تک کچھ نہ کھانے اور سونے کے معمول میں تبدیلی کے باعث قبض، بدہضمی، پیٹ پھولنے اور بھاری پن جیسے مسائل عام ہو جاتے ہیں۔
تحقیقات بھی یہی ثابت کرتی ہیں کہ رمضان میں روزے داروں کو ہاضمے کے مسائل زیادہ پیش آتے ہیں، خاص طور پر اگر پانی کم پیا جائے، فائبر والی غذا نہ کھائی جائے یا جسمانی سرگرمی بالکل ختم کر دی جائے۔ مگر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں! چند سادہ مگر مؤثر عادات اپنا کر آپ ان مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
1. فائبر دوست غذا اپنائیں!
رمضان میں لوگ سحری اور افطار کے وقت جو کھاتے ہیں، وہ ان کے پورے دن کی غذائیت طے کرتا ہے۔ اگر آپ کی پلیٹ میں دلیہ، دالیں، پھل، سبزیاں، گری دار میوے یا چنے نہیں تو پھر قبض کی شکایت عام بات ہے! تحقیق کے مطابق اگر روزانہ 15 گرام سے کم فائبر لیا جائے تو قبض ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
2. پانی، پانی اور مزید پانی!
اگر آپ دن میں 2 لیٹر یا کم از کم 6 سے 8 گلاس پانی نہیں پی رہے تو جسم کی نمی متاثر ہوگی اور ہاضمہ سست پڑ جائے گا۔ پانی اور فائبر ایک ساتھ کام کرتے ہیں، اس لیے پانی کم ہوگا تو فائبر بھی اپنا اثر نہیں دکھا پائے گا۔ افطار کے بعد وقفے وقفے سے پانی پینے کو عادت بنائیں، بس ایک ساتھ بہت زیادہ پانی نہ پئیں، ورنہ معدہ بوجھل ہو جائے گا۔
3. رمضان میں سستی نہیں، جسمانی حرکت ضروری!
رمضان میں لوگ زیادہ تر بیٹھے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں، مگر ہلکی پھلکی چہل قدمی نہ صرف ہاضمہ بہتر بناتی ہے بلکہ معدے کو بھی حرکت میں رکھتی ہے۔ دن میں کم از کم 2 بار 15 منٹ کی واک کو اپنا معمول بنا لیں، خاص طور پر افطار کے بعد چہل قدمی آپ کو قبض سے بچانے میں مدد دے گی۔
4. نیند پوری کریں، معدہ خوش رکھیں!
سحری اور تراویح کے درمیان نیند کی کمی ہونے سے جسم کا نظام متاثر ہوتا ہے، جو ہاضمے پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ کوشش کریں کہ 6 سے 8 گھنٹے کی نیند ضرور لیں تاکہ نظامِ ہاضمہ بھی اپنا کام درست انداز میں انجام دے سکے۔
5. اگر مسئلہ برقرار رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں!
اگر ان تمام احتیاطی تدابیر کے باوجود قبض کی شکایت ختم نہیں ہوتی، تو کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ وہ آپ کو بہترین علاج اور مشورہ دے سکے۔
رمضان میں صحت مند رہیں اور اپنی خوراک اور طرزِ زندگی میں توازن پیدا کریں تاکہ روزے کے فوائد کے ساتھ ساتھ ہاضمہ بھی خوش رہے!