کابل دھماکے کے دہشتگرد کی گرفتاری میں تعاون پر ٹرمپ پاکستان کے شکر گزار

سچ ٹی وی  |  Mar 05, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ذمے دار داعش کے دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ آج رات مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے اس ظلم کے ذمہ دار سرفہرست دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے اور وہ اس وقت امریکی انصاف کی تیز تلوار کا سامنا کرنے کے لیے یہاں آ رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ محمد شریف اللہ، جو 2021 میں افغانستان سے انخلا کے دوران ایبی گیٹ پر مہلک بم دھماکے کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر ملوث تھا، کو امریکا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے اپنی تقریر میں’اس عفریت کو پکڑنے میں مدد کرنے’ پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ٹرمپ کے خطاب کے چند لمحوں بعد ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ’جیسا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی اعلان کیا ہے، میں اطلاع دے سکتا ہوں کہ آج رات ایف بی آئی، ڈی او جے اور سی آئی اے نے تباہ کن افغانستان انخلا کے دوران ایبی گیٹ پر 13 امریکی فوجیوں کے قتل کے ذمہ دار دہشت گردوں میں سے ایک کی حوالگی حاصل کرلی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ مشتبہ شخص کا نام محمد شریف اللہ ہے اور اسے امریکا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

اس معاملے سے واقف ایک اور ذرائع کے مطابق پاکستان نے سی آئی اے کی انٹیلی جنس پر کارروائی کی جس کی وجہ سے شریف اللہ کو گرفتار کیا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹرمپ کے سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے پاکستانی انٹیلی جنس چیف کے ساتھ اپنی پہلی فون کال کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔

منگل کو ایک فردِ جرم کے مطابق شریف اللہ پر ورجینیا کے مشرقی ضلع میں ایک نامزد غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی مدد فراہم کرنے اور اس کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اموات ہوئیں۔

اتوار کو ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے ان کا انٹرویو کیا، جہاں انہوں نے انہیں بتایا کہ وہ 2016 میں داعش کی ایک شاخ داعش خراسان میں بھرتی ہوا تھا، فرد جرم کے مطابق انٹرویو میں شریف اللہ نے داعش خراسان کی طرف سے متعدد مہلک حملوں کی سہولت کاری کا اعتراف کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلا خطاب کیا جو ایک گھنٹے 39 منٹ 31 سیکنڈ طویل تھا، یہ کسی بھی امریکی صدر کا طویل ترین خطاب ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ بل کلنٹن کے پاس تھا جنہوں نے 1993 میں ایک گھنٹہ 5 منٹ طویل خطاب کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More