نیوزی لینڈ کو ہرا کر انڈیا نے ریکارڈ تیسری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی جیت لی

اردو نیوز  |  Mar 09, 2025

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ریکارڈ تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

اتوار کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 251 رنز کا ہدف 49 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس نے انڈیا کی فتح کی بنیاد رکھ دی۔

روہت شرما نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ رچن رویندرا نے جیتا۔

انڈیا کی جانب سے علاوہ شبھمن گل 31، شریاس ایئر 48، اکشر پٹیل 29 اور کے ایل راہل 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل اور مائیکل بریسویل نے دو دو جبکہ رچن رویندرا اور کائل جیمیسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انڈیا سنہ 2002 اور 2013 میں بھی چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے جبکہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انڈیا ناقابل شکست رہا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 251 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے 63، مائیکل بریسویل نے 53 اور رچن رویندرا نے 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

انڈیا کی اننگز

انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ پہلے 18 اوورز میں اوپنرز نے 105 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

انڈیا کو پہلا نقصان 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہوا جب شبھمن گل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ون ڈاؤن کریز پر اترنے والے وراٹ کوہلی کی ریٹائرمنٹ کی خبروں کے باعث ان کے فین ان سے طویل اننگز کی توقع کر رہے تھے لیکن قسمت نے وراٹ کوہلی کا ساتھ نہ دیا۔

وہ دو گیندوں پر ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اوپنر اور کپتان روہت شرما نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے انڈیا کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔

وہ تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

انڈیا کی پانچویں وکٹ 203 رنز پر گری (فوٹو: اے ایف پی)

شریاس ایئر بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ کے ایل راہل 48 اور رویندار جدیجہ نو رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل اور مائیکل بریسویل نے دو دو جبکہ رچن رویندرا اور کائل جیمیسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے انڈین فاسٹ بولرز کے پہلے سپیل کا دھیان سے سامنا کیا اور رچن رویندرا اور وِل ینگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز محمد شامی اور ہاردک پانڈیا کے خلاف اچھے ردھم میں نظر آئے۔

دونوں اوپنرز نے انڈیا کو چند چانس بھی دیے جسے انڈیا حاصل نہ کر سکا۔

انڈیا کو پہلی وکٹ 57 رنز پر ملی جب وِل ینگ ورون چکراورتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پہلی وکٹ کے بعد نیوزی لینڈ کا ٹاپ آرڈر سپنرز کے جال میں پھنستا چلا گیا اور کوئی بھی بیٹر وکٹ پر زیادہ نہ رک سکا۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 69 رنز پر گری جب رچن رویندرا کلدیپ یادو کی عمدہ گیند پر بولڈ ہوگئے۔

انڈیا کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ محنت نہ کرنا پڑی اور یوں کین ولیمسن 11 رنز بنا کر کلدیپ یادو کو اُن کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹام لیتھم تھے جو 14 رنز بنا کر رویندرا جدیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پانچویں وکٹ کے لیے ڈیرل مچل اور گلین فلپس کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

اس پارٹنرشپ نے نیوزی لینڈ کو بحران سے نکالا تاہم انڈین سپنرز کا دباؤ کیویز پر برقرار رہا۔

انڈیا کو پانچویں وکٹ گلین فلپس کی ملی جو 34 کے انفرادی سکور پر ورون چکراورتھی کی گیند پر میدان چھوڑ گئے۔

چھٹی وکٹ کے لیے ڈیرل مچل اور مائیکل بریسول کے درمیان 46 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔

نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان ڈیرل مچل کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو 63 رنز کی اننگز کھیل کر محمد شامی کی میچ میں پہلی وکٹ بن گئے۔

انڈیا کو ساتویں کامیابی کپتان مچل سینٹنر کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 

انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو اور ورون چکراورتھی نے دو دو جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں وِل ینگ، رچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسول، مِچل سینٹنر (کپتان)، کائل جیمیسن، نیتھن سمتھ اور وِل او رُورک شامل تھے۔

انڈیا کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے انڈیا کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، اکشر پٹیل، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، کلدیپ یادیو، محمد شامی اور ورون چکراورتھی شامل تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More