رمضان مسلمانوں کے لئے آتا ہے پاکستانیوں کے لئے نہیں۔۔ نعمان اعجاز پاکستانیوں کی کون سی حرکتوں پر برس پڑے ؟

ہماری ویب  |  Mar 10, 2025

"بنیادی طور پر اللہ نے رمضان مسلمانوں کے لیے بھیجا تھا، پاکستانیوں کے لیے نہیں۔ ہاں، پاکستانی روزے رکھتے ہیں، لیکن برداشت پیدا نہیں کرسکتے۔ غصہ قابو میں نہیں رہتا، سڑکوں پر ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں، سگنل کھلنے کا انتظار نہیں کرتے بلکہ جھگڑا شروع کر دیتے ہیں۔ ہم رمضان میں اپنے بدترین رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں، حالانکہ باقی مہینوں میں بھی کچھ خاص اچھے نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ، ہم اتنے سست اور کاہل ہو جاتے ہیں کہ کام کرنے کو جی نہیں چاہتا۔ ایک نماز کے بہانے پورا دن مسجد میں گزار دیتے ہیں تاکہ کام سے بچ سکیں۔ فرض عبادات کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اس کا اصل مقصد ہی ختم کر دیتے ہیں۔ پاکستانی قوم کبھی تمیز نہیں سیکھ سکتی۔"

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار نعمان اعجاز جو اپنی بے باک گفتگو اور طنزیہ انداز کے لیے مشہور ہیں، ایک بار پھر اپنی کھری کھری باتوں کی وجہ سے خبروں میں آ گئے۔ حال ہی میں، وہ اپنے نئے ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جہاں انہوں نے ساتھی اداکار سید جبران کے یوٹیوب ولاگ میں مختصر شرکت کی اور رمضان میں پاکستانیوں کے متضاد رویے پر طنز کیا۔

"روزے تو رکھتے ہیں، مگر صبر کہاں گیا؟"

نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ رمضان مسلمانوں کے لیے آیا تھا، مگر پاکستانی اس کے اصل فلسفے کو بھول چکے ہیں۔ ان کے مطابق، پاکستانی روزے تو رکھتے ہیں، مگر غصے پر قابو پانا، صبر کرنا اور اخلاق سے پیش آنا بالکل نہیں آتا۔

انہوں نے پاکستانی عوام کی رمضان میں بڑھتی ہوئی بدتمیزی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "سڑکوں پر گاڑی چلانے والے صبر سے عاری ہو جاتے ہیں، سگنل سرخ ہو یا سبز، سب کو بس اپنی جلدی پڑی ہوتی ہے۔ روزے کی حالت میں بدزبانی اور گالی گلوچ عام ہو جاتی ہے، جیسے ہم روزہ رکھ کر کسی اور ہی دنیا میں پہنچ گئے ہوں!"

"رمضان عبادت کا مہینہ یا سستی کا بہانہ؟"

نعمان اعجاز نے پاکستانیوں کی رمضان میں کام چوری پر بھی بات کی اور کہا کہ "رمضان میں لوگ فرض عبادات کو بھی ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ایک نماز پڑھنے کے بعد پورے دن کی چھٹی مار لی جاتی ہے۔ کام کے اوقات میں مسجد میں بیٹھنا، سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کرنا عام ہو گیا ہے۔ ہم نے دین کو بھی اپنی سہولت کے مطابق ڈھال لیا ہے!"

"پاکستانی قوم کبھی نہیں سدھرے گی!"

اپنی گفتگو کے اختتام پر، نعمان اعجاز نے انتہائی تلخ مگر حقیقت پر مبنی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ قوم کبھی بھی تمیز نہیں سیکھے گی۔ رمضان کا اصل مقصد خود کو بہتر بنانا ہے، مگر پاکستانی ہر رمضان پہلے سے بھی بدتر ہو جاتے ہیں!"

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More