صدر مملکت کی اپوزیشن کو معیشت کی بحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی پیشکش

سچ ٹی وی  |  Mar 10, 2025

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اپوزیشن کو قومی مفاد کو بالاتر رکھنے اور ذاتی و سیاسی اختلافات پشت ڈال کر معیشت کی بحالی، جمہوریت کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دے دی۔

صدر ممکت آصف علی زرداری نے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، اس موقع پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی، شور شرابہ اور نعرے بازی کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا خطاب شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی ارکان نے ڈیسک بجاکر احتجاج شروع کردیا،شدید نعرے بازی کے باعث صدر نے کانوں پر ہیڈفون لگالیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، ہمیں پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے عزم کے ساتھ کام کرنا ہے، ملک کو یکجہتی اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، حکومت نے پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد کیا، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، پالیسی ریٹ میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ خوش آئند ہے، اب ہمیں عوامی خدمت کے شعبے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دینی ہے۔

صدر نے مزید کہا کہ ہمیں ملک میں گڈ گورننس اور سیاسی استحکام کو فروغ دینا ہے، ٹیکس کے نظام میں مزید بہتر لانی ہوگی، عوام نے پارلیمان سے امیدیں وابستہ کررکھی ہیں، ہمیں عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہوگا۔

صدر نے کہا کہ ملک میں سماجی انصاف کا فروغ ضروری ہے، عوامی بہبود کے منصوبوں پر توجہ دیناہوگی، ملک کو یکجہتی اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو فنی تعلیم سے لیس کرنا ہوگا۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ ترکی، متحدہ عرب امارات، آذربائیجان، فلسطین، جرمنی، فرانس اور عراق کے سفیر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچسستان سرفراز بگٹی بھی پارلیمنٹ میں موجود ہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More