آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی مختلف اداروں سمیت تمام عناصر کے ممنون دکھائی دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) اپنے بیان میں شکریہ ادا کرتے ہوئے سب کی تعریف کی۔
محسن نقوی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں پی سی بی کی ٹیم، قانون نافذ کرنے والے اداروں، صوبائی حکومتوں، آئی سی سی کے اہلکاروں اور جو ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئیں اُن سب کا تہہ دل سے ممنون ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے یہ معتبر ٹورنامنٹ منعقد ہوا جو کے کامیابی کی شکل اختیار کر گیا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان کو عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے پر بے حد فخر ہے اور آپ کے ساتھ نے دنیا بھر میں کرکٹ مداحوں کے لیے یہ ایونٹ تاریخی بنا دیا ہے۔‘
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے تین شہروں لاہور، کراچی اور راولپنڈی سمیت متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہوئی۔
آئی سی سی چیپمپئنز ٹرافی میں انڈیا کے علاؤہ تمام ٹیموں نے پاکستان میں میچز کھیلے جبکہ انڈیا کے میچز دبئی میں کھیلے گئے۔
دبئی میں گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل تیسری مرتبہ اپنے نام کر لیا۔