سلور جوبلی پر نادرا کا ڈی میٹریلائزڈ آئی ڈی کارڈ کا اجراء

سچ ٹی وی  |  Mar 10, 2025

نادرا نے اپنی سلور جوبلی پر پہلی بار ’’ڈی میٹریلائزڈ آئی ڈی کارڈ‘‘ کا اجراء کردیا۔ صدر اور وزیراعظم نے تہنیتی پیغامات جاری کردیئے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی 25ویں سالگرہ پر پاکستان میں پہلی بار ڈی میٹریلائزڈ آئی ڈی کارڈ جاری کردیئے، نادرا ہیڈ کوارٹر میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے تہنیتی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ شہریوں کو قانونی اور محفوظ شناخت کی فراہمی کیلئے نادرا کی خدمات لائق تحسین ہیں، نادرا، ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنا رہا ہے۔ آصف زرداری نے زور دیا کہ نادرا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دیکر اپنی کارکردگی میں بہتری لائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں نادرا کی مہارت ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ڈی میٹریلائزڈ کارڈ، ڈیجیٹل شناخت کی جانب اہم قدم ہے، ڈیجیٹل تصدیقی نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، ڈی میٹریلائزڈ کارڈ کی تصدیق کا مربوط نظام بھی وضع کیا جارہا ہے۔نادرا کے بانی چیئرمین زاہد احسان نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی سلور جوبلی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More