پاکستانیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق کوئی معلومات نہیں: دفتر خارجہ

سچ ٹی وی  |  Mar 20, 2025

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق کوئی معلومات نہیں۔

اسلام آباد میں نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں، صورتحال واضح ہونے پر تبصرہ کیا جا سکے گا۔

شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا متعدد معاملات پر رابطے میں ہیں، ویزا پابندیوں کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، دفتر خارجہ اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ قیاس آرائی قرار دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے افسران انسانی اسمگلنگ میں ملوث نہیں، قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں، سوشل میڈیا رپورٹس پر تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی جارہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ افغان ناظم الامور کی طلبی معمول کا حصہ ہے اور غیر معمولی بات نہیں، پاکستان مسلسل اپنے تحفظات سے آگاہ کر رہا ہے اور تمام چینلز کے ذریعے مؤقف پہنچایا جارہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ طورخم بارڈر گزشتہ روز کھولا گیا، پیدل مسافروں کو جمعہ سے سفر کی اجازت ہوگی، طورخم بارڈر 15 اپریل تک کھلا رہے گا اور مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے گا، بارڈر پوسٹ کی تعمیر روکنا پاکستان کا بنیادی مطالبہ تھا جو تسلیم کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جعفر ایکسپریس ٹرین حملے کی ابھی تک مذمت نہیں کی، بھارت کا پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونا واضح ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں، وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More