نیشنل گیمز کا انعقاد کب سے؟ تاریخ سامنے آگئی

سچ ٹی وی  |  Mar 25, 2025

وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 35 ویں نیشنل گیمز یکم سے 9 مئی تک کراچی میں ہوں گے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق 9 روزہ ایونٹ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن (ایس او اے) کی زیر نگرانی حکومت سندھ کے تعاون سے منعقد ہوں گے، جس کے صدر سردار محمد بخش مہر ہیں۔ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے گیمز کی میزبانی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ آج کے اجلاس میں تمام صوبوں کی اسپورٹس فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے شرکت کی، جن میں سیکریٹری اسپورٹس عبدالعلیم لاشاری، ایس او اے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور کراچی کے مختلف ضلعی اسپورٹس افسران شامل تھے۔

اجلاس کے دوران کراچی میں نیشنل گیمز کی میزبانی سے متعلق تیاریوں اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا، مزید برآں وینیو کے حوالے سے تمام ایسوسی ایشن کو سنا گیا۔ وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے نوٹ کیا کہ افتتاحی اور اختتامی تقریبات کے لیے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کو پہلے ہی دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔

ٹارچ ریلے کا افتتاح پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کریں گے۔ وزیر کھیل سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ گیمز کو ہر ممکن حد تک کامیاب بنانے کی کوشش کرے گی، انہوں نے زور دیا کہ یہ صرف سندھ کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ایونٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تیراکی کے مقابلے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سوئمنگ پول میں ہوں گے، محمد بخش مہر نے یہ بھی کہا کہ جلد ہی سندھ میں ایک نیا سوئمنگ پول بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی میں اضافہ، پیرا میڈیکل اسٹاف کے انتظامات اور سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کوریج کے لیے وقف کمیٹیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید کہا کہ تمام مقامات پر ڈاکٹرز اور ایمبولینسز موجود رہیں گی، ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود کا کہنا تھا کہ حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو یومیہ الاؤنس اور دیگر سہولیات ملیں گی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوئل میں وزیر کھیل سندھ نے کہا تھا کہ یہ گیمز کراچی کے 21 مقامات پر منعقد ہوں گے، جن میں 34 کھیلوں اور 10 ہزار مرد و خواتین کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت ہوگی۔نیشنل گیمز میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

قومی گالا میں پاکستان آرمی، پاک فضائیہ، پاکستان نیوی، واپڈا، ریلوے، پولیس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں 18 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ لاجسٹک کے تمام چیلنجز کو حل کیا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ مئی 2023 میں کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز منعقد ہوئے تھے، آرمی نے 32 شعبوں میں 199 طلائی اور مجموعی طور پر 398 تمغے جیتے تھے، دوسرے نمبر واپڈا رہا تھا، جس کے مجموعی طور پر 290 کی تعداد میں بشمول 109 گولڈ میڈل شامل تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More