پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو سہ پہر ایک بج کر اڑتیس منٹ پر ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو تھی اور اس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کے علاقے میں تھا اور اس کی گہرائی 198 کلومیٹر تھی۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پشاور، کوہاٹ، صوابی، مردان اور گردونواح کے علاوہ راولپنڈی سمیت پنجاب کے بعض دوسرے شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔
جھٹکوں کے ساتھ ہی لوگ دفاتر اور گھروں سے نکل آئے اور محفوظ مقامات کی طرف چلے گئے۔
ملک کے کسی حصے سے ابھی تک کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔