’چادر چار دیواری کی پامالی‘، میرپور میں گھروں کی چھتوں پر کبوتر رکھنے پر پابندی

اردو نیوز  |  Mar 30, 2025

بہار کا موسم شہر میں خوبصورتی اور ہریالی لاتا ہے، لیکن میرپور آزاد کشمیر میں اس کے ساتھ ہی کبوتر بازی کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ دن ہو یا رات، نوجوان اپنے گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کی دیکھ بھال میں مصروف رہتے ہیں۔

یہ مصروفیت صرف کبوتروں کی خدمت تک محدود نہیں رہتی، بلکہ بعض اوقات نوجوان چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال نہیں رکھتے۔

اس دوران کئی مرتبہ نوجوانوں کے درمیان جھگڑے بھی ہوئے، جو بعض اوقات اسلحے کے استعمال تک جا پہنچے، جس کے نتیجے میں متعدد نوجوان زخمی ہوئے۔ اب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کے پنجروں پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ ان واقعات میں کمی آئے گی۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر میرپور کے مقامی شہری عاقب احمد ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس پابندی سے ممکنہ طور پر ان ناخوشگوار واقعات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

اس سے قبل 24 مارچ کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میر پور یاسر ریاض نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت ضلع بھر میں گھروں کی چھتوں پر کبوتر کے پنجرے، چبوترے یا جنگلہ وغیرہ نصب کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے یعنی شہریوں کو گھروں کی چھتوں پر کبوتر رکھنے سے روک دیا گیا ہے۔

’کبوتر بازی پر نہیں، صرف چھتوں پر پنجرے بنانے پر پابندی ہے‘

میر پور میں گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کے پنجرے بنانے پر پابندی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ مجسڑیٹ  یاسر ریاض نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ میر پور کے گلی محلوں میں گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کے پنجروں کی بہتات ہے۔

’شہری بالخصوص نوجوان دن اور رات کے مختلف اوقات کے دوران چھتوں پر کبوتروں کے مقابلوں کی شرطیں لگاتے ہیں اس دوران اکثر لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔‘

ڈی سی ضلع میر پور کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر 24 مارچ سے دو ماہ کے عرصہ تک کے لیے گھروں پر کبوتروں کے پنجرے، چبوترے یا کسی قسم کا جنگلہ بنانے کے لیے پابندی عائد کی ہے۔

ڈی سی میر پور کا کہنا تھا کہ جوا کھیلا گیا تو متعلقہ قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)لیکن یہاں اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کے پنجرے بنانے کا مطلب یہ نہیں کہ میر پور میں کبوتر نہیں اُڑائے جا سکتے۔ ضلع بھر میں کبوتر اڑانے پر کوئی پابندی نہں ہے۔ شہری چھتوں کے بجائے گھروں کے اندر کبوتر رکھ سکتے ہیں۔

کبوتروں کے مقابلوں کے دوران جوا بازی پر بھی کارروائی ہو گی: انتظامیہ 

ڈی سی میر پور کا کہنا تھا کہ کبوتر بازی پر تو کوئی پابندی نہیں عائد کی گئی البتہ اگر ان مقابلوں میں کہیں جوا کھیلا گیا تو متعلقہ قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

پابندی کے نوٹیفیشکن میں پنجاب کا حوالہ

ضلعی انتظامیہ میر پور کی جانب سے گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کے پنجروں پر پابندی عائد کرنے کے نوٹیفیکشن میں صوبہ پنجاب میں بھی ایسی ہی پابندی کا حوالہ دیا گیا ہے۔

پنجاب میں گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کے پنجرے بنانے پر پابندی نہیں ہے (فوٹو: اے ایف پی)کیا پنجاب میں بھی گھروں کی چھتوں پر کبوتر رکھنے پر پابندی ہے؟

اُردو نیوز نے ضلعی انتظامیہ میر پور کے نوٹیفیکشن میں پنجاب حکومت کی جانب سے بھی چھتوں پر کبوتروں کے پنجرے وغیرہ بنانے پر پابندی کے معاملے پر معلومات حاصل کیں، تاہم ضلعی انتطامیہ میر پور کے حوالے کے برعکس پنجاب میں گھروں کی چھتوں پر کبوتروں کے پنجرے بنانے پر پابندی نہیں ہے۔

 البتہ پنجاب کے مخلتف شہروں میں ایئر پورٹ اور ایئر بیس سے ملحقہ علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر گھروں کے اوپر کبوتروں کے پنجرے اور کبوتر بازی پرپابندی عائد کی گئی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More