پاکستان سمیت کئی ممالک میں عید الفطر آج منائی جا رہی ہے، صدر و وزیراعظم کی مبارکباد

اردو نیوز  |  Mar 31, 2025

پاکستان سمیت بنگلہ دیش، انڈیا، ایران، اردن، امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

عید کے خطبات میں ملکی ترقی و خوشحالی، فلسطین اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اسلام آباد میں عید کا بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں دیگر لوگوں سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات، بیرونی ممالک کے سفیروں نے نماز عید ادا کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغامات میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غریب اور مستحق افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں ایک فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دونوں اندرونی و بیرونی دشمنوں سے خطرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے ہرقسم کی انتہاپسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملکی سا لمیت اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے متحد اور چوکس رہنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ حکومت اقتصادی بحالی، امن و امان برقرار رکھنے اور سماجی استحکام یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کر رہی ہے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے بھی پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے۔

بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور سروسز چیفس نے کہا ہے کہ ’یہ بابرکت موقع ہمیں اپنے قومی ہیروز کی غیر متزلزل بہادری اور عزم پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مسلح افواج ان جری جوانوں کی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کی مسلسل حمایت کو بے حد سراہتی ہیں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More