پاکستان کو تیسرے میچ میں بھی شکست، ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کا کلین سویپ

اردو نیوز  |  Apr 05, 2025

ماؤنٹ مونگانوئی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 43 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر لیا ہے۔ 

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے اور اس طرح گرین شرٹس کو میچ جیتنے کے لیے 265 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 40 ویں اوور میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سنیچر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ یہ میچ 42 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔

پاکستان کے اوپنر امام الحق میچ کے دوران جبڑے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے، امام الحق جس وقت زخمی (ریٹائرڈ ہرٹ) ہو کر میچ سے باہر ہوئے انہوں نے سات گیندوں پر ایک رن بنایا تھا۔

اُن کی جگہ ٹیم مینجمنٹ نے متبادل کھلاڑی کے طور پر عثمان خان کو شامل کیا تاہم وہ 17 گیندوں پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق نے 33 رنز بنائے، انہوں نے 56 گیندوں کا سامنا کیا۔ بابر اعظم نے 58 گیندوں پر 50 رنز سکور کیے، اُن کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

کپتان محمد رضوان نے 32 گیندوں پر 37 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سلمان آغاز نے 11 گیندوں پر 11 رنز سکور کیے۔ فہیم اشرف چار گیندوں پر تین رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

نسیم شاہ آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے جنہوں نے 13 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 17 رنز بنائے۔ اس کے بعد وسیم جونیئر پہلی گیند پر پویلین لوٹے تو نیوزی لینڈ کے اوروکی ہیٹ ٹرک پر آ گئے تاہم عاکف جاوید اگلی گیند روکنے میں کامیاب ہوئے۔ 

پاکستان کے آخری مستند بلے باز طیب طاہر آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے جو ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 31 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی اننگزماؤنٹ مونگانوئی میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو ابتدائی اوورز میں پاکستانی بولرز نے مشکل میں ڈالے رکھا مگر آخری پانچ اوورز میں کیویز بیٹر کے بلے تیزی سے چلے اور 53 رنز جوڑے۔

پاکستان کے اوپنر امام الحق میچ کے دوران جبڑے پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسول نے 40 گیندوں پر 59 رنز سکور کیے۔ ریس ماریو 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 8 اوورز میں 62 رنز دے کر چار جبکہ نسیم شاہ نے 9 اوورز میں 54 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کو ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 293 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 41.2 اوورز میں 208 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی۔

پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More