’کبھی سوچا نہیں تھا‘، پشاور کے چائے فروش نے لندن سے ماسٹر ڈگری حاصل کر لی

اردو نیوز  |  Apr 08, 2025

پشاور کے ایک چھوٹے سے ڈھابے میں محنت مزدوری کرنے والے نوجوان ذبیح اللہ نے لندن میں یونیورسٹی آف ہارٹ فورڈشائر سے نمایاں پوزیشن کے ساتھ ماسٹر کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔

ذبیح اللہ کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے ضلع مہمند سے ہے اور انہوں نے تعلیم کے حصول کے لیے چائے کے ڈھابے سے محنت مزدوری کا آغاز کیا تھا۔

وہ سنہ 2023 سے لندن میں مقیم ہیں اور بیرون ملک جانے سے قبل چائے بیچتے تھے۔

بی اے کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اقرا نیشنل یونیورسٹی سے ذبیح اللہ کو سکالرشپ کی پیشکس ہوئی تھی، جہاں سے وہ ایم ایس کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اردو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ’مختلف بینکوں سے نوکری کی پیشکش بھی ہوئی مگر کم تنخواہ کی وجہ سے اپنا کاروبار کرنے کو ترجیح دی اور والد کے ساتھ چائے کے ڈھابے پر کام شروع کیا۔‘

ذبیح اللہ کا کہنا تھا کہ چائے کے ساتھ چپلی کباب کی دکان پر بھی کام سیکھا اور کچھ عرصے بعد کاریگر بن گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سنہ 2019 سے 2023 تک پشاور میں خون پسینے کی کمائی سے کاروبار کیا اور قلیل عرصے میں اپنی پہچان بنائی۔

’ڈھابے پر کام کاج کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں معطل ہوئی تھیں پھر ایک دن ایک طالب علم نے لندن کی یونیورسٹی میں داخلوں کے بارے میں بتایا جس کے بعد میں نے آئلٹس کی تیاری شروع کر دی۔‘

آئلٹس میں کامیابی کے بعد ذبیح اللہ نے یونیورسٹی آف ہارٹ فورڈشائر میں داخلہ لیا، جہاں شعبہ مینجمنٹ سائنسز میں زیرِتعلیم رہے۔

ذبیح اللہ نے کہا کہ انہوں نے سوچا نہیں تھا کہ وہ لندن سے تعلیم حاصل کریں گے۔ (فوٹو: ذبیح اللہ)انہوں نے کہا کہ ’میں نے سوچا نہیں تھا کہ لندن سے تعلیم مکمل کروں گا، یہ میرے لیے ایک خواب تھا جو میری محنت کی بدولت حقیقت میں بدل گیا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں بہت خوش ہوں، آج میرے والدین مجھ پر فخر کریں گے کیونکہ ان کی سپورٹ اور دعاؤں کی بدولت میں تعلیم مکمل کرنے میں کامیاب ہوا۔‘

’پیزا کا کاروبار شروع کرنے کا ارادہ ہے‘ذبیح اللہ نے بتایا کہ ’چپلی کباب بنانے کا ہنر لندن میں کام آیا ہے۔ میں نے یہاں پیزا بنانے کی تربیت بھی حاصل کی ہے، اب میرا ارادہ ہے کہ لندن میں پیزے کا کاروبار شروع کروں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں لندن دو برس کے ویزے پر آیا تھا، اب میں کاروبار کے سلسلے میں سپانسرشپ کی تلاش میں ہوں تاکہ یہاں کاروبار کر سکوں۔‘

ذبیح اللہ کی کامیابی پر ان کے دوست احباب بھی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ضلع مہمند کے حضرت خان نے بتایا کہ ’ذبیح اللہ ایک چائے فروش تھا، جس نے اپنی محنت کی بدولت آج بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس نوجوان کی زندگی ان نوجوانوں کے لیے مثال ہے جو چائے یا کباب کے کاروبار کو چھوٹا سمجھتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ذبیح اللہ کے والد کا چائے کا ڈھابہ آج بھی پشاور میں موجود ہے، جہاں ان کے چھوٹے بھائی چائے بیچتے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More