Getty Imagesحکام نے بتایا کہ سنیچر کو جب تیز ہوائیں آئیں گی تو بیجنگ میں 24 گھنٹوں کے اندر درجہ حرارت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے
ملازمین جلدی گھر چلے جائیں، تعلیمی عمل معطل ہے، کھلی جگہ ہونے والی تقاریب منسوخ کر دی گئی ہیں اور یہ سب اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ شمالی چین میں سنیچر اور اتوار کو ایسی شدید ہوائیں چل سکتی ہیں جو انسان تک کو اپنے ساتھ اڑا لے جا سکتی ہیں۔
چین میں حکام نے لاکھوں لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی تاکید کی ہے جبکہ کچھ سرکاری ذرائع ابلاغ نے متنبہ کیا ہے کہ ان ہواؤں میں 50 کلوگرام سے کم وزن والے لوگ باآسانی ’ہوا میں اڑا سکتے ہیں۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ منگولیا سے جنوب مشرق کی طرف بڑھنے والے ایک سرد بھنور کی وجہ سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں بیجنگ، تیانجن اور ہیبی کے علاقے کے دیگر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔
یہی وجہ ہے کہ ایک دہائی میں پہلی بار، بیجنگ نے آندھی کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے جو کہ چار درجہ موسمی انتباہی سسٹم میں دوسرا سب سے خطرناک درجہ ہے۔
سال کے اس وقت منگولیا کی جانب سے تیز ہوائیں چلنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے لیکن خدشہ ہے کہ اس بار یہ ہوائیں علاقے میں برسوں میں دیکھی جانے والی کسی بھی چیز سے زیادہ تیز ہوں گی۔
حکام نے بتایا کہ سنیچر کو جب تیز ہوائیں آئیں گی تو بیجنگ میں 24 گھنٹوں کے اندر درجہ حرارت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔
بیجنگ کی موسمیاتی سروس نے کہا ہے کہ ’یہ انتہائی تیز ہوائیں ہیں، طویل عرصے تک چلتی ہیں اور وسیع علاقے کو متاثر کرتی ہیں اور یہ انتہائی تباہ کن ہیں۔‘
چین میں ہوا کی رفتار کو جس پیمانے سے ناپا جاتا ہے وہ ایک سے 17 تک جاتا ہے۔ چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن کے مطابق 11 سطح کی ہوا ’سنگین نقصان‘ کا باعث بن سکتی ہے، جب کہ 12 سطح کی ہوا ’شدید تباہی‘ لاتی ہے۔ اس ہفتے کے آخر میں ہواؤں کی سطح 11 سے 13 تک متوقع ہے۔
ان ہواؤں کی وجہ سے ہفتے کے آخر میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے کئی مقابلوں کو معطل کر دیا گیا ہے جن میںدنیا کی پہلی ہیومنائیڈ روبوٹ ہاف میراتھن بھی شامل ہے جو اب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔
باغات اور سیاحتی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے کیونکہ حکام نے رہائشیوں کو بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنے کو کہا ہے، جبکہ تعمیراتی کام اور ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔
شہر بھر میں ہزاروں درختوں کو گرنے سے روکنے کے لیے انھیں یا تو مضبوط بنایا گیا ہے یا ان کی چھانٹی کی گئی ہے۔
حکام نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پہاڑوں اور جنگلات میں جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں خاص طور پر تیز ہواؤں کا خدشہ ہے۔
بیجنگ میں ان ہواؤں کی وجہ سے جنگل میں آگ کے حوالے سے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور لوگوں کو گھر سے باہر آگ لگانے سے بھی روکا گیا ہے۔
اس صورتحال میں چینی سوشل میڈیا کے صارفین اپنے اختتام ہفتہ کے منصوبوں میں مزاح تلاش کر رہے ہیں۔
تیز ہواؤں کے بارے میں ہیش ٹیگز اور انتباہ کہ 50 کلوگرام سے کم وزن والے لوگ اڑ سکتے ہیں، چینی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
ویبو کے ایک صارف نے کہا: ’میں ہر وقت اتنا کھاتا ہوں، صرف اس دن کے لیے۔‘
ویبو کے ہی ایکاور صارف کا کہنا تھا، ’یہ ہوا بہت سمجھدار ہے، یہ جمعے کی شام کو شروع ہوتی ہے اور اتوار کو ختم ہوتی ہے، پیر کو کام میں خلل ڈالے بغیر۔‘
خیال رہے کہ حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات سے ہوا کی شدت میں کمی آنے لگے گی۔