سمندر پار پاکستانیوں کو ان کی مہارت کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے: وزیراعظم

اردو نیوز  |  Apr 21, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان میں ان کی مہارت کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے امور پر خصوصی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی، بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی پاکستان کے لیے بڑی خدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں منعقد ہونے والے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں سمندر پار پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جو حکومتی پالیسیوں پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے دنیا بھر میں محنت کر کے اپنا اور اپنے ملک کے لیے نام کمایا ہے۔ طب، تعلیم، انجینیئرنگ اور کنسلٹینسی میں بطور پروفیشنل دن رات محنت کی ہے اور رزق حلال کمایا ہے۔

’حکومت پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں، حال ہی میں ایک بڑا پیکج دیا ہے۔ بیرون ممالک میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں اور سٹیٹ بینک کے ذریعے سب سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھجوانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو ان کی خدمات کے پیش نظر سول ایوارڈ دیا جائے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل اور انہیں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور متعلقہ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More