انڈیا میں ہانیہ عامر، ماہرہ خان سمیت متعدد پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹ بلاک

اردو نیوز  |  May 01, 2025

انڈیا میں بدھ کی شام کو معروف پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بلاک کر دیے گئے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ان فنکاروں میں ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور علی ظفر سمیت متعدد شامل ہیں۔

یہ اقدام انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی وادی پہلگام میں ہوئے سیاحوں پر حملے کے کچھ روز بعد سامنے آیا ہے۔ اس حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات  کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خطرات بھی منڈلا رہے ہیں۔

پاکستانی ادکارo ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور گلوکار علی ظفر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے سے قبل انڈین حکومت کم از کم 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر چکی ہے۔

انڈیا میں ’میرے ہمسفر‘ اور ’کبھی میں کبھی تم‘ جیسے پاکستانی ڈراموں سے شہرت پانے والی مشہور اداکارہ ہانیہ عامر نے پہلگام سانحے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کسی بھی جگہ کا سانحہ ہم سب کے لیے سانحہ ہے، میرا دل ان معصوم جانوں کے ساتھ ہے جو حالیہ واقعات سے متاثر ہوئیں۔ دکھ میں، غم میں اور اُمید میں، ہم ایک ہیں۔‘

’جب معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں تو وہ صرف ان کا نقصان نہیں ہوتا، وہ ہم سب کا دکھ ہوتا ہے، چاہے ہم کہیں سے بھی ہوں غم کی زبان ایک ہی ہوتی ہے، کاش ہم ہمیشہ انسانیت کا انتخاب کریں۔‘

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مشہور اداکارہ اور بالی وڈ میں سنہ 2017 میں شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم ’رئیس‘ میں ڈیبیو کرنے والی مائرہ خان کا بھی اکاؤنٹ انڈیا میں بلاک کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ دیگر متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس انڈیا میں بلاک کیے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ سنہ 2016 میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے اُوڑی میں انڈین فوجی اڈے پر حملے کے بعد سے کسی بھی پاکستانی اداکار نے انڈین فلم انڈسٹری میں کام نہیں کیا تاہم تقریباً ایک دہائی بعد بالی وُڈ میں کم بیک کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز نو مئی کو طے تھی جو حالیہ واقعات کے بعد روک دی گئی ہے۔

پہلگام حملے کے بعد انڈیا نے الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سخت اقدامات اٹھائے تھے جس میں سندھ طاس معاہدہ کی معطلی سمیت پاکستانی شہریوں کو ملک بد کرنے اور اٹاری واہگہ کراسنگ کو بند کرنے جیسے اقدامات شامل تھے۔

ان اقدامات کے جواب میں پاکستان نے انڈین طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی اور انڈیا کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات، بشمول تیسرے ممالک کے ذریعے تجارت، معطل کر دیے تھے۔

پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ پانی کے بہاؤ کو روکنے کی کسی بھی کوشش کو ’جنگی اقدام‘ تصور کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More