پاکستانی اداکار و کامیڈین افتخار ٹھاکر نے بھارتی جارحیت پر انہیں منہ توڑ کرارا جواب دیا۔ پنجابی کامیڈین افتخار ٹھاکر نے کہا ہے کہ وہ مشرقی پنجاب کو بھارت کا حصہ نہیں مانتے، وہ پنجاب کے اس حصے کو اپنا بڑا بھائی مانتے ہیں۔
اداکار نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بھارت کو مزہ چکھانے کی بات کی اور بھارت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر فضاؤں سے آؤ گے تو ہوا میں اڑا دیں گے، اگر پانیوں سے آؤ گے تو ڈبو دیے جاؤ گے اور اگر زمینی راستوں سے آؤ گے تو زمین بوس کردیے جاؤ گے۔ جو افواج پاکستان نے کرکے بھی دکھایا ہے لیکن میری یہ بات بھارتی پنجابی دوستوں کو پسند نہیں آئی۔ ناپسندیدگی کا اظہار انکی مجبوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کو بھارت کا حصہ نہیں مانتا، لوگوں نے مجھ پر تنقید بھی کی، ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ہم مسلمان حسینیت کے پیروکار ہیں اور جو پانی بند کرنے کی دھمکی دے گا، وہ یزید کا پیروکار ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں نے بھارتی اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے، وہ لوگ بہت مجبور ہیں اور ہمارے خلاف مجبوری میں ردعمل دیتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی پنجاب کے فنکاروں، اداکاروں اور سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ بھارت میں موجود مشرقی پنجاب کو انڈیا کا حصہ نہیں مانتے۔
افتخار ٹھاکر نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں پنجاب کے باسیوں کو آپس میں لڑوانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کیوں کہ بھارت والے سکھوں کی بہادری، کامیابیوں اور ان کی وطن سے محبت سے ڈرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بھارت کے پنجاب پر بات کرتے ہوئے اسے پنجابی زبان میں ’چڑھدا پنجاب‘ یعنی مشرقی پنجاب کہا اور خالصتان کا ذکر بھی کرتے رہے۔ افتخار ٹھاکر نے کہا کہ وہ مشرقی پنجاب یعنی بھارت میں موجود پنجاب کو انڈیا کا حصہ نہیں مانتے، وہ اسے اپنا بڑا بھائی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تاریخی طور پر مشرقی پنجاب اور یہاں پاکستان میں موجود پنجاب ایک ہی تھا اور آگے چل کر ایک ہی ہوجائے گا، وہ چڑھدے پنجاب کو بھارت کا حصہ نہیں مانتے۔