عیدالاضحیٰ کے موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور عید جوانوں کے ساتھ منائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحی اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ منائی، ایل او سی پہنچنے پر کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے عیدالاضحیٰ کی نماز بھی جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر ادا کی، نماز عید کے بعد وطن کی ترقی و استحکام ،شہدا کے ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور جوانوں کے عزم و حوصلے اور پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا اور بلند حوصلے، غیرمعمولی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ مورچوں پر اہلخانہ کے بغیر عید سب سے بڑا قومی فریضہ ہے۔
آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جرات مندانہ موثر جواب سے پاکستانی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا مناسب بدلہ لیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کیا۔