پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پانچ برس بعد لاہور سے پیرس کی پروازوں کا آغازکیا ہے اور طویل عرصے بعد 276 مسافروں کو لے کر جانے والی پرواز نے فرانس کے دارالحکومت میں لینڈ کیا۔پی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بدھ کو پی آئی اے کی پہلی ہفتہ وار پرواز لاہور سے پیرس کے لیے دوپہر 12 بجے روانہ ہوئی تھی۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز پی کے 733 کے ذریعے 276 مسافر پیرس پہنچے۔
پی آئی اے پہلے ہی اسلام آباد سے پیرس کی ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔
بیان کے مطابق اس پرواز کے لیے بوئنگ 777 طیارہ آپریٹ کیا گیا جس کے اندرونی كبین کی مسافروں کی سہولت کے لیے حال ہی میں از سر نو تزئین و آرائش کی گئی تھی۔پی آئی اے کی پیرس جانے والی پرواز کے آغاز پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔لاہور سے پہلی پرواز کے مسافروں کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات، چیف آپریٹنگ افسر خرم مشتاق، فرانس ایمبیسی کے ہیڈ آف مشن فرینک آبرے اور ہوابازی کے دیگر اعلیٰ حکام نے رخصت کیا۔