ایران نے اسرائیل پر ایک بار پھر میزائلوں کی بارش کردی، تازہ حملے میں نصف درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ جنوبی اسرائیل کے کئی علاقوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے سے جنوبی اسرائیل کے علاقے بیر شیبہ، دیمونا، بئرسبع اور مضافات میں 7 افراد کی زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دریں اثناء اسرائیلی افواج نے ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق انہوں نے ایران سے داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی تھی تاہم اسرائیلی فضائی دفاع حملہ روکنے میں ناکام رہا۔
اسرائیلی میڈیا نے بیر شیبہ پر حملوں کی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میزائل قریبی اپارٹمنٹ بلاکس کے باہر گرےاور آس پاس کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیوں کو آگ کے شعلوں نے لپیٹ میں لے لیا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیمونا میں اسرائیل کے ایٹمی ری ایکٹر پر میزائل داغے گئے ہیں۔
ایران نے اپنے سائنسدانوں کی شہادتوں کا بدلہ لیتے ہوئے اسرائیلی سائنس انسٹیٹیوٹ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیلی حدود میں حملہ کرتے ہوئے اس کے سائنسی ادارے وائیزمین انسٹی ٹیوٹ کو نشانہ بنایا ہے، جہاں کئی دہایوں سے سائنس کے مختلف شعبوں میں تحقیقی کام کیا جارہا تھا۔
سائنس انسٹیٹیوٹ کی تباہی کو اسرائیلی حکام جنگ میں اہم دھچکا قرار دے رہے ہیں۔
اسرائیلی سائنس دان پروفیسر اورن شولڈینر نے اس تباہی کو اسرائیلی سائنسی تحقیق کے گوہر نایاب پر حملہ قرار دیا ہے۔