نائب وزیراعظم اسحاق ڈار پاکستان ، یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے 12ویں اجلاس میں شرکت کے لیے یو اے ای پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعاون کا اعلیٰ ترین ادارہ جاتی فورم ہے,آنے والا اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گا۔
شفقت علی خان کے مطابق پاکستانی وفد میں نائب وزیر اعظم کے ہمراہ وزارت اقتصادی امور، تجارت، توانائی، سمندری امور اور داخلہ کے سیکرٹریز اور سینئر حکام شامل ہوں گے, متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس اجلاس کی قیادت ان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ اجلاس میں متعلقہ اماراتی اداروں کی اعلیٰ سطحی نمائندگی بھی موجود ہوگی,اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا, اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور آئی ٹی سمیت نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے دوران مختلف قانونی معاہدوں کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے تاکہ شعبہ جاتی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے, یہ اجلاس دونوں ممالک کو اقتصادی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے دائرہ کار کو بڑھانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔